وزیراعظم آزادکشمیر، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے تقریب حلف برداری میں شرکت نہ کی، عمران نے چاروں بہنوں‘عون چودھری کو مدعو نہیں کیا
راولاکوٹ، اسلام آباد (آن لائن+ آئی این پی) پاکستان کے نئے وزیر اعظم عمران خان کی حلف وفاداری تقریب میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے حکمرانوں راجہ فاروق حیدر اور حافظ حفیظ الرحمان نے نوازشریف سے وفاداری کرتے شرکت نہیں کی۔ البتہ آزاد کشمیر سے سابق وزیر اعظم اور تحریک انصاف کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان نے اپنے ساتھی سابق وزیر خواجہ فاروق کے ہمراہ شرکت کی۔دوسری طرف وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی عون چوہدری کو حلف برداری کی تقریب میں مدعو نہیں کیا گیا۔عمران خان پارٹی معاملات پر عون چوہدری سے نالاں تھے۔ جمعرات کو وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب میں عمران خان کے معاون خصوصی عون چوہدری غائب دکھائی دیئے ۔ عون چوہدری کو فی الحال وزیراعظم ہاﺅس سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ۔ پارٹی قیادت عون چوہدری سے تحفظات رکھتی ہے جن سے عمران خان کو بھی آگاہ کردیا گیا تھا۔نو منتخب وزیراعظم عمران خان نے تقریب حلف برداری میں چاروں بہنوں کو شرکت کی دعوت نہیں دی عمران خان کی چاروں بہنیں ان سے ناراض ہیں۔ حلیمہ خان، عظمہ خان، روبینا خان اور نورین خان کا کہنا تھا انہیں تقریب حلف برداری میں مدعو نہیں کیا گیا۔
وزیراعظم آزادکشمیر