• news

جمہوریت ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں نہ دھاندلی کی تحقیقات پر سمجھوتہ ہو گا : حمزہ شہباز

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور وزیراعلیٰ پنجاب کےلئے امیدوار حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ کسی قیمت پر جمہوریت کو ڈی ریل نہیں کرنا چاہتے لیکن دھاندلی کی تحقیقات پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ عوام25جولائی کی رات کو چوری ہونے والے ووٹوں کا حساب چاہتے ہیں بہت ہو چکا اب ملک میں مینڈیٹ تبدیل ہونے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے ،وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کےلئے منعقدہ پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب میں حمزہ شہباز نے کہا کہ مسلم لیگ ن اصولوں کی بنیاد پر ایوانوں کے اندر اپنا موقف پیش کر رہی ہے ،ہم ہر انتخابی عمل کا حصہ بن رہے ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہمارے حق پر ڈاکہ ڈالا جائے۔ پنجاب میں پی ٹی آئی کو فری ہینڈ نہیں دیں گے اپنا جمہوری حق استعمال کرنا جانتے ہیں اور اس سلسلے میں کسی طور بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ عوام دیکھ رہے ہیں کہ پی ٹی آئی کی قیادت کس طرح کے بے ڈھنگے اور غیر معقول فیصلے کر رہی ہے پنجاب میں شہباز شریف جیسی وزارت اعلیٰ چلانے والے کے مقابلے میں کیسے شخص کو نامزدکیا گیا ہے۔ دنیا بھر سے پنجاب سپیڈ کا لقب حاصل کرنے والی اور کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے والی قیادت کا پی ٹی آئی کسی طور بھی مقابلہ نہیں کر سکتی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی کے الیکشن میں ہونے والی کارستانی کو اگر دوبارہ دہرایا گیا تو زبردست رد عمل آئے گا ہم کسی کا مینڈیٹ بھی تبدیل کرنے کے خواہاں نہیں ،پی ٹی آئی جمہوری میدان میں مقابلہ کرے اسے ہمیشہ شکست دیں گے ، حمز ہ شہباز نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنی نہ تجربہ کاری کی بنیادی پر جگ ہنسائی کا باعث بنے گی ،اب تک کے ہونے والے فیصلوں میں ان کی نا پختگی جھلک رہی ہے اور ملک کو درپیش بڑے بڑے چیلنجوں کا سامنا کرنے میں کسی طور بھی ان میں سکت نہیں ،انہوں نے کہا کہ محض سستی شہرت حاصل کرنے والے وزیر اعظم ہاو¿س میں نہ رہنے اور پروٹوکول نہ لینے جیسے نعرے عمران خان کو عوامی مقبولیت نہیں دلا سکتے انہیں کچھ کر کے دکھانا ہو گا ،وہ کروڑوں گھر بنانے اور نوکریاں دینے کے وعدے پورے کرنے کی تیاری کریں عوام جلد اُن سے اُن کے اپنے ہی کیے ہوئے وعدوں کا حساب مانگیں گے۔
حمزہ شہباز

ای پیپر-دی نیشن