پاکستان، بھارت کشیدگی کم ہونے کا امکان، انڈین ہائی کمشنر نئی دہلی طلب
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ/صباح نیوز) نئی حکومت آنے سے پاکستان،بھارت کشیدگی کم ہونے کا امکان ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق آئندہ کچھ عرصے میں پاکستان بھارت قیادت کی ملاقات کا امکان ہے۔ اگلے دو ماہ میں تین مقامات پر دونوں ممالک کی قیادت جمع ہو گی۔ اقوام متحدہ، جنرل اسمبلی، پاکستان بھارت کرکٹ میچ اور ایس سی او اجلاس ممکنہ مواقع ہیں۔ نگران وزیر اطلاعات علی ظفر کے دورہ بھارت میں نئی دہلی نے مثبت تاثر پیش کیا۔ بھارتی حکام نے واجپائی کی آخری رسومات میں شرکت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ صباح نیوزکے مطابق نئی حکومت کے آتے ہی بھارت نے پاکستان میں متعین بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ کو مشورے کیلئے بلالیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اجے بساریہ کی پیر کو بھارتی وزارت خارجہ میں ملاقاتیں متوقع ہیں جس میں پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال ہوگا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق اجے بساریہ اور نوجوت سنگھ سدھو آج بروز اتوار ایک ساتھ واہگہ بارڈر سے بھارت واپس روانہ ہوں گے۔
پاکستان/بھارت کشیدگی