شہباز شریف کو ووٹ نہ دینا پارٹی کا اصولی فیصلہ تھا، نیئر حسین بخاری
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ پوری پارٹی کا اصولی فیصلہ تھا کیونکہ پیپلزپارٹی کو شہباز شریف پر سخت تحفظات تھے اور وقت نے ثابت کیا کہ پیپلزپارٹی کا فیصلہ درست تھا کیونکہ شہباز شریف کی وجہ سے پی ٹی آئی کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا مقصد ہی حزب اختلاف کو تقسیم کرنا تھا۔ سید نیر بخاری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے مخالفین کا مقصد ہی صدر آصف علی زرداری کو نشانہ بنانا ہے اور یہ پیپلزپارٹی کے مخالفین کی سیاست رہی ہے کہ آصف علی زرداری کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈا کریں۔ نیر حسین بخاری نے کہا کہ جب پیپلزپارٹی کے مخالفین آصف علی زرداری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں تو جیالوں کو یہ اطمینان ہوتا ہے کہ آصف علی زرداری محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی سیاست پر ثابت قدم ہیں۔ سید نیر حسین بخاری نے کہا کہ گزشتہ تیس سال سے صدر آصف علی زرداری کے خلاف کردار کشی کی مہم جاری ہے مگر یہ مہم چلانے والوں کو ہمیشہ منہ کی کھانی پڑی ہے۔