تجارتی ترقی کیلئے چین کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے‘ صادق سنجرانی
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) چیئرمین سینیٹ محمد صاد ق سنجرانی نے گوادر اور چین کے پورٹ سٹی دالیان کو جڑواں شہر قرار دینے کی تجویز دی ہے۔ یہاں جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے یہ تجویز گوادر اور چین کے جنوبی صوبہ لیائونگ کے سب سے بڑے شہر اور پورٹ سٹی میں پائی جانے والی مشترکہ قدروں کی بنیاد پر دی۔ چین میں اپنے دورہ کے دوران چیئرمین محمد صادق سنجرانی اپنے پارلیمانی وفد کے ہمراہ ٹرین کے ذریعے بیجنگ سے دالیان پہنچے جہاں انہوں نے شہری منصوبہ بندی کے سلسلہ میں منعقدہ میلے اور بندرگاہ کے کاروباری مرکز کا دورہ کیا۔ وفد نے شہر میں غربت مکائو منصوبے کو بھی دیکھا اور بعد میں دالیان شہر کے رہنمائوں کی جانب سے دیئے گئے عشائیہ میں بھی شرکت کی۔ چیئرمین سینیٹ نے ژیا ڈیرن چین کی عوامی مشاورتی کانفرنس کے لیانگ کے چیئرمین سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے بتایا کہ بحیثیت چیئرمین اُن کا یہ پہلادورہ ہے اور انہیں چین کی ترقی دیکھ کر انتہائی خوشی ہوئی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے میزبان کو بیجنگ میں ہونے والی اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ چین میں ہونے والی ملاقاتوں سے پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات کو مزید آگے لے جانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ مرکزی حکومتوں کی سطح پر دونوں ملکوں کے مابین انتہائی بہتر روابط موجود ہیں تاہم وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ صوبائی، شہروں اور علاقائی سطح پربھی تعاون کیلئے وسیع گنجائش پائی جاتی ہے اور دونوں ملکوں کی قیادت کو اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات اُٹھانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ دالیان شہر کی ایشیاکے شمالی حصے کے لیے شپنگ اور لاجسٹکس کی حیثیت سے ایک تاریخ موجود ہے۔ دالیان کے رہنمائوں نے چیئرمین سینیٹ کی شخصیت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جوان قیادت دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو تقویت دینے میں ایک فعال کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے چیئرمین سینیٹ کے قومی لباس کو سراہا۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ گوادر پاکستان کا مستقبل ہے اور گوادر کو ایک مؤثر پورٹ سٹی بنانے میں ہم دالیان کے تجربات سے بھرپور فائدہ اُٹھانے کے خواہاں ہیں اور تجارت وشپ منٹ کے شعبوں میں ہم چین کے تجربات سے فائدہ اُٹھاسکتے ہیں۔
صادق سنجرانی