• news

ہالینڈ کے ناظم الامور دفتر خارجہ طلب‘ گستاخانہ خاکوں کی نمائش پر شدید احتجاج

اسلام آباد (اے پی پی+ آن لائن) وفاقی کابینہ نے ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی دوبارہ اشاعت کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے ہالینڈ کے سفیر کو طلب کر کے شدید احتجاج کریں گے، او آئی سی کے فورم پر بھی اس معاملے کو اٹھایا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پیر کو وفاقی کابینہ کے پہلے اجلاس کے بارے میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بتایا کہ وفاقی کابینہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی دوبارہ اشاعت پر سراپا احتجاج ہے، وزیراعظم عمران خان نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ہدایت کی کہ ہالینڈ کے سفیر کو طلب کر کے اس معاملے پر شدید احتجاج کریں، عالم اسلام کے جذبات اس معاملے پر مجروح ہوئے ہیں، وزیراعظم نے اس معاملے پر او آئی سی کو متحرک کرنے کی ہدایت کی ہے، ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے قانون کی بھی خلاف ورزی ہے، یورپ میں مذہبی جذبات مجروح کرنے کی سزائیں بھی ہیں۔ علاوہ ازیں پاکستان نے ہالینڈ کے ناظم امور کو دفترخارجہ طلب کرکے اسلام کو بدنام کرنے اور متنازعہ گستاخاجہ خاکوں کے مقابلے کروانے پر شدید احتجاج کیا گیا ہے۔ دفترخارجہ سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کے انعقاد کے معاملے پر پاکستان نے ہالینڈ کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا۔ ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ اسلامی شعائر کی تضحیک پر پاکستان نے ہالینڈ کی حکومت سے اظہار تشویش کیا اور وزارت خارجہ نے ہالینڈ کے ناظم الامور کو وفاقی کابینہ کے احتجاج اور فیصلے سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ وفاقی کابینہ کے فیصلے کی ہدایت کی روشنی میں وزارت خارجہ نے ہالینڈ میں تعینات پاکستانی سفیر کو حکومت اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سفرا کے ساتھ معاملہ اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ نومنتخب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سیکرٹری جنرل او آئی سی کو اس حوالے سے خط بھی لکھا، جبکہ معاملہ اقوام متحدہ سربراہ اجلاس اور او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں بھی زیر بحث لایا جائے گا۔ وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے ہالینڈ کی جانب سے منتازعہ خاکوں کے مقابلوں کو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی قراردے دیا۔ ان کا کہناتھا کہ ہالینڈ کے پارلیمنٹرین کی جانب سے متنازعہ خاکوں کی نمائش کروانا یورپین کنونیشن کے آرٹیکل 10کی خلا ف وزری ہے۔ ہالینڈ کے علاوہ دیگر یورپی ممالک کو آزادی رائے کے اس قانون کے تحت مذمت کرنا چاہئے۔
خاکے

ای پیپر-دی نیشن