وزیراعظم نے خطاب میں معاشرے کو درپیش مسائل کا احاطہ کیا: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں پاکستانی معاشرے کو درپیش مسائل کا احاطہ کیا۔ بہتر ہوتا اگر وہ مسئلہ کشمیر کے حل، کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کا بھی عزم کرتے، کیونکہ پاکستان کو جن بڑے بڑے مسائل کا سامنا ہے، ان میں ایک دیرینہ مسئلہ کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ، نہتے کشمیریوں کا قتل عام، پاکستانی دریائوں کے پانی کی چوری بھی ہے۔ پی ٹی آئی حکومت کا اصل امتحان شروع ہوچکا ہے۔ افراد کی بجائے قانون اور آئین کی بالادستی ہی مسائل کا اصل حل ہے۔ پرامن اور ترقی یافتہ پاکستان میں ہی سب کی بھلائی ہے۔ جماعت اسلامی مخالفت برائے مخالفت پر یقین نہیں رکھتی ، اچھا کام کرنے والے کو ہم کھلے دل سے شاباش دیتے ہیں۔ ہم سیاسی تعصبات سے بالاتر ہو کر پاکستان اور پاکستانی عوام کی بھلائی چاہتے ہیں۔ بلاشبہ کرپشن پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن کی موجودگی میں پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔ جماعت اسلامی ایک عرصہ سے کرپشن فری پاکستان اور’’احتساب سب کا‘‘ مہم چلا رہی ہے۔ جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ پانامہ میں شامل دیگر 436 ملزموں کا بھی احتساب ہو۔ عمران خان نے جس کڑے احتساب کا اعلان کیا قوم اس کی منتظر ہے۔