ملک بھر میں کل عیدالاضحی مذہبی جوش وخروش سے منائی جائے گی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) ملک بھر میں عیدالاضحی کل بدھ کے روز مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی جائے گی، فرزندان اسلام نماز عیدالاضحی کی ادائیگی کے بعدسنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کا فریضہ سرانجام دیں گے۔ لاہور سمیت ملک بھر میں نماز عیدین کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوں گے جن میں خطباء حضرات سنت ابراہیمیؑ پر تفصیلی ڈالیں گے، ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی نمائش کے مقابلے کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی جائیں گی اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کی ترقی، خوشحالی، سلامتی، امن و امان کے قیام ،دہشت گردی کے خاتمہ،کشمیریوں فلسطینیوں کی آزادی کیلئے خصوصی دعائیں کرائی جائیں گی۔ صوبائی دارالحکومت میں نماز عید کے بڑے اجتماعات جامع مسجد دربارحضرت داتا گنج بخش، عالمگیری بادشاہی مسجد، جامعہ نعیمیہ، جامع مسجدوزیرخان، جامعہ اشرفیہ، مسجد شہدائ، جامع منصورہ، جامع مسجد خالد کیولری گرائونڈ‘ یونیورسٹی گرائونڈ، جامع مسجد دارالاسلام باغ جناح کے علاوہ شہر بھر کی عیدگاہوں اور پارکس میں عیدکے اجتماعات منعقد ہوں گے۔