• news

انور مجید سے زرداری کی ملاقات کرانے پر ایف آئی اے کے دو افسر تبدیل

کراچی (خبر نگار) اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید کی سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کرانے پر ایف آئی اے کے دو افسران کے تبادلے کردیئے گئے ہیں۔ این آئی سی وی ڈی میں زیر علاج انور مجید سے اتوار کو سابق صدر آصف علی زرداری سمیت اعلیٰ شخصیات نے ملاقات کی۔ اس سے قبل بھی ایف آئی اے کے دفتر میں انور مجید اور ان کے صاحبزادے عبدالغنی مجید کی ملاقات پیپلزپارٹی کے رہنماؤں اور دیگر اعلیٰ سیاسی شخصیات سے کرائی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے بشیر میمن نے اس معاملے کا نوٹس لیا۔ ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے بشیر میمن نے انور مجید اور آصف زرداری کی ملاقات کرانے والے دونوں افسران کا تبادلہ کردیا ہے، ایف آئی اے کے مطابق انسپکٹر رحمت اللہ ڈومکی کا تبادلہ گلگت اور سب انسپکٹر حبیب الرحمان کو تافتان بارڈر پر بھیجا گیا ہے۔واضح رہے کہ سابق صدر کے قریبی ساتھی اور اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کی تحویل میں ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن