• news

حسین لوائی‘طہٰ رضا کی درخواست ضمانت مسترد‘ انورمجید کے 3مفرور بیٹوں کی منظور

کراچی/اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ+صباح نیوز)بینکنگ کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں حسین لوائی اور طہٰ رضا کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔ پیر کو کراچی کی بینکنگ کورٹ کے جج طارق مسعود کھوسو نے جعلی بینک اکائونٹس سے منی لانڈرنگ کے مقدمے کی سماعت کی جس سلسلے میں کیس میں گرفتار نجی بینک کے سربراہ حسین لوائی اور طحہ رضا کے وکیل شوکت حیات نے عدالت کے روبرو دلائل دیئے،شوکت حیات نے ملزمان حسین لوائی اور طحہ رضا کی درخواست ضمانت کی استدعا کی جو عدالت نے مسترد کردی۔عدالت نے حکم دیا کہ کیس کی تفتیش ابھی جاری ہے لہذا اس اسٹیج پر ملزمان کو ضمانت نہیں دی جاسکتی۔ بنک اکائونٹ کے ذریعے منی لانڈرنگ کے معاملے پر انورمجید کے 3مفرور بیٹوں کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی گئی۔ تمر مجید‘ ذوالقرنین اور علی مجید کی 10روز کیلئے حفاظتی ضمانت منظور کرلی گئی۔ سندھ ہائیکورٹ کا 5, 5لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن