• news

بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری،شہریوں کا احتجاج، نعرے

اوکاڑہ/ ڈسکہ/ چنیوٹ/ ملکوال/ چارسدہ (نمائندہ نوائے وقت +نامہ نگاران+ آئی این پی) اوکاڑہ شہر اور گردونواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 16گھنٹے تک جاپہنچا۔ دو روز قبل اوکاڑہ میں بجلی 8گھنٹے بند کی جارہی تھی،اب ہر گھنٹے بعد ایک سے ڈیڑھ گھنٹہ تک بجلی بند کی جارہی ہے۔ جب لیسکو حکام سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے متعلق پوچھا جاتا ہے تو جواب ملتا ہے کہ بجلی اسلام آباد سے بند کی جارہی ہے۔ شہریوں، تاجروں نے واپڈ احکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی لوڈ شیڈ نگ کم سے کم کی جائے۔ ڈسکہ میں بھی ہر ایک گھنٹے کے بعد دو ’دو گھنٹے کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کاسلسلہ بدستور جاری ہے۔ چنیوٹ اور گرد و نواح میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ، شہریوں کا برا حال ہوگیا، کاروبار ٹھپ ہوگیا۔ ملکوال میں شدید گرمی اور حبس کے ساتھ شہر او رگردونواح میں دن رات کے اوقات میں بدترین لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی نیندیں اڑا دیں۔ شہریوں نے الزام عائد کیا کہ گیپکو کے اہلکار لائن لاسز پورا کرنے کیلئے مختلف بہانوں سے غیراعلانیہ بجلی بند کررہے ہیں۔حافظ آبادسے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق حافظ آباد شہر اور اسکے گردونواح میں بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ رات اور دن کے دوران کئی کئی گھنٹے کی بجلی بندش نے شہریوں کا جینامحال کررکھا ہے۔علاوہ ازیںبجلی کی ناروا لوڈ شیڈنگ کے خلاف مشتعل مظاہرین کا فاروق اعظم چوک اور رجڑ میں مظاہرے ، دھکم پیل کی وجہ سے تین مظاہرین زحمی، مظاہرین کی واپڈا اور پولیس کیخلاف شدید نعرہ بازی ،مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے مظاہرین پر اسلحہ تان لیا جس سے مظاہرین مزید مشتعل ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق چارسدہ میں بجلی کی ناروا اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف رجڑ میں ناظم طارق باچا کی قیادت میں عوام نے زبر دست احتجاجی مظاہرہ کیا اور تنگی چارسدہ روڈ کو مکمل طور پر بند کیا ۔ ایم پی اے فضل شکور خان نے مظاہرین سے مذاکرات کرکے احتجاج ختم کر ایا اور ڈی ایس پی اختراز خان کی قیادت میں مظاہرین کے نمائندہ وفد نے ایکسین واپڈا سے مذاکرات کئے ۔ مذاکرات میں ایکسین واپڈا نے لوڈ شیڈنگ میں ریلیف کی یقین دہانی کرائی ۔

ای پیپر-دی نیشن