• news

پیپلز پارٹی کا وفاقی کابینہ میں پرانے چہرے شامل کرنے پر تحفظات کا اظہار

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پی پی پی کے راہنماؤں میاں رضا ربانی اور فرحت اﷲ بابر نے نئی کابینہ میں پرانے چہرے شامل کرنے پر تحفظات ظاہر کئے ہیں۔ سینٹ کے سابق چیئرمین میاں رضا ربانی نے کہا کہ سابق صدر مشرف کے رفقاء کو کابینہ میں شامل کیا گیا یہ 18 ویں ترمیم‘ صوبائی خود مختاری‘ ٹریڈ یونین اور پریس کی آزادی کے لئے خطرہ ہے۔ انہوں نے تمام جمہوری قوتوں سے کہا کہ وہ متحد ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن جماعتیں اسی طرح منقسم رہیں تو وہ تاریخ کو جوابدہ ہوں گی۔ فرحت اﷲ بابر نے کہا کہ کابینہ میں پرانے چہروں کی موجودگی عمران خان کے خطاب سے مطابقت نہیں رکھتی۔ انہوں نے اس بات پر بھی تشویش ظاہر کی کہ وزیراعظم نے سول ملٹری تعلقات کے بارے میں کوئی بات نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ سول ملٹری تعلقات بنیادی سیاسی ایشوز میں اہم ترین ہیں۔ خدشہ ہے کہ جب عمران خان سول ملٹری تعلقات کی طرف آئیں گے تو انہیں سنگین حالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا وزیراعظم نے این ایف سی پر بھی کوئی بات نہیں کی۔

ای پیپر-دی نیشن