• news

بین المذاہب مکالمہ کی جتنی آج ضرورت ہے، پہلے نہیں تھی: طاہر القادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے امریکی ریاست ٹیکساس کے شہرKATY میں منہاج القرآن اسلامک سنٹر کی عمارت کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسلام بین الاقوامی بھائی چارے اور پر امن عالمی معاشرے کی تشکیل اور استحکام کی تعلیم دیتا ہے۔اسلامی تعلیمات میں سوسائٹی کے کمزور طبقات کے حقوق کا تحفظ اور اقلیتوں کی ترقی اور حفاظت کی ضمانت دی گئی ہے۔ آج دنیا جنگ و جدل، بد اعتمادی کا شکار ہے، بین المذاہب مکالمہ اور رواداری کی جتنی آج ضرورت ہے پہلے کبھی نہ تھی۔ مذاہب کی سچی تعلیمات اقوام عالم کے مابین مکالمہ کے حوالے کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں۔دنیا میں جنگ و جدل کا سبب مذہب سے زیادہ سیاسی،معاشی مسائل رہے ہیں۔اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین القادری اور امریکہ کے تحریک منہاج القرآن کے رہنمائوں نے شرکت کی۔پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے فریضہ حج کی ادائیگی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حج اسلامی تعلیمات،عبادات کا جوہر اور عظیم اسلامی ثقافت کا بے مثال نمونہ اور مظاہرہ ہے۔مناسک حج کی ادائیگی کے دوران ملت واحدہ کا اسلامی آفاقی تصور اور تشخص اپنی تمام تر سچائیوں اور رعنائیوں کے ساتھ نمایاں ہوتا ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے افتتاحی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن فروغ علم،فروغ محبت،اصلاح احوال اور نفرتوں کے خاتمے کی عالمگیر تحریک ہے۔

ای پیپر-دی نیشن