• news

وزیراعظم کو پتہ ہونا چاہئے کہ امن و امان صوبوں کی ذمہ داری ہے: وزیراعلیٰ سندھ

کراچی(آئی این پی) سندھ کابینہ نے تھر اور عمر کوٹ کے بعض حصے کو قحط زدہ علاقہ قرار دے دیا اور کراچی میں قبرستان کے لیے زمین مختص کرنے اور کراچی کے لوگوں کو پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے ڈی سیلی نیشن پلانٹ کے قیام کا بھی فیصلہ کیاگیا۔وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی صدارت میں صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا گیا جو سندھ سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام 8وزرا، دونوں مشیروں، چیف سیکریٹری سندھ، آئی جی پولیس اور متعلقہ سیکریٹریز نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے لگژری گاڑیوں کے استعمال سے متعلق سوموٹو کیس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے چیف سیکریٹری کوہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ کابینہ کے اجلاس کے ایجنڈے میںاس آئٹم کو رکھیں تاکہ گاڑیوں سے متعلق مناسب فیصلہ کیا جاسکے۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیربلدیات کو ہدایت کی کہ وہ کراچی میں ڈی سیلینیشن پلانٹ کی تنصیب کا کام جنگی بنیادوں پر شروع کریں۔دریں اثنا وزیراعلیٰ سندھ نے سیہون شریف میں حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سب سے زیادہ ووٹ لئے، سندھ میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنائیںگے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو پتہ ہونا چاہئے کہ امن و امان صوبوں کی ذمہ داری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن