• news

ایل پی جی مزید 5روپے کلو مہنگی، گھریلو سلنڈر کی قیمت 60، کمرشل کی 120روپے بڑھ گئی

لاہور (نیوز رپورٹر) ایل پی جی کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے ،گزشتہ روز ایل پی جی کی قیمت میںمزید5 روپے کلواضافہ ہوا جس کے بعد گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 60روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں120 روپے کا اضافہ ہو گیا ہے ۔نئی قیمتوں میں اضافے کے بعدکراچی 150روپے کلو،لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، حیدرآباد، سکھر، قصور 160روپے کلو،جہلم، میاں چنوں، ساہیوال، فیصل آباد، بہاولپور، ملتان، راجن پور، رحیم یار خان،پشاور، 165روپے فی کلو،راولپنڈی، اسلام آباد، ٹندو اللہ یار، سیالکوٹ،ڈیرہ اسماعیل خان،بھکر، سوات175روپے کلو، مری، نتھیا گلی، بالا کوٹ 185 روپے کلو،آزادکشمیر، گلگت بلتستان، پہاڑی علاقوں 205روپے کلو ہو گئی ہے ۔اسلام آباد سے خصوصی نمائندہ کے مطابق ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن نے وزیر اعظم سے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا ہے کہ ایل پی جی پروڈیوسر مافیا کو لگام ڈالنا ضروری ہو گیا،30 اگست کو لاہور میں بہت بڑا مظاہرہ کیا جائے گا، اگر ایل پی جی کی قیمتوں کو قابو نہ کیا گیا تو 5 ستمبر کو خیبر سے کراچی تک شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال ہوگی، ہم غریب عوام کو ریلیف دینے کیلئے حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ گیس مافیا کی طرف سے حکومت اور غریب عوام کیلئے عیدکا تیسرا گفٹ آگیا ہے، صرف 4 دنوں میں تیسرا اضافہ کر دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن