پاکستان دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونیوالا ملک ہے: ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جس کے ہزاروں شہری شہید ہوئے۔ دہشت گردی کا نشانہ بننے والوں کی یاد اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پہلے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ان تمام لوگوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جو دہشت گردوں کے ہاتھوں نشانہ بنے ہیں۔ سرکاری ریڈیو کے مطابق ترجمان نے کہا کہ اس دن ہمیں اپنی مسلح افواج اورقانون نافذ کرنیوالے اداروں سے بھی تشکر کا اظہار اور خراج عقیدت پیش کرنا چاہیے جنہوں نے مادر وطن اور عوام کا تحفظ اورسلامتی یقینی بنانے کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کیلئے عالمی برادری کے شانہ بشانہ ہے انہوں نے دہشت گردی کا نشانہ بننے والوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔