گلگت بلتستان: دہشت گردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ‘ آگ لگا دی‘ اہلکاروں سے اسلحہ چھین کر فرار
گلگت (آن لائن)گلگت بلتستان کے ضلع غذر کے ایک گاؤں سینگال میں قائم عارضی چیک پوسٹ کو مشتبہ دہشت گردوں نے آگ لگا دی اور سکیورٹی پر موجود اہلکاروں سے اسلحہ چھین کر فرار ہوگئے۔ذرائع کے مطابق تقریباً 12 دہشت گردوں نے ضلعی ہیڈکوارٹر سے 50 کلومیڑ دور قائم ایک چیک پوسٹ پر فائرنگ کی اور آگ لگادی۔سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ مقابلے کے بعد دہشت گرد دیامیر کی جانب فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔اطلاعات کے مطابق دہشت گرد 2 اہلکاروں کا اسلحہ چھینے میں کامیاب ہوگئے۔اس حوالے سے بتایا گیا کہ تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردوں نے سینگال نالہ سے گزر کر ضلع غذر میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی۔واضح رہے کہ دیامیر میں گزشتہ ماہ بھی تقریباً 14 سکولوں کو نذر آتش کردیا گیا تھا۔