• news

ملک بھر میں عیدالاضحی آج‘ سعودی عرب‘ امارت‘ یورپ‘ امریکہ میں منا لی گئی

لاہور+ مکۃ المکرمہ+ ریاض+ واشنگٹن+ لندن (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار+ نیوز رپورٹر+ صباح نیوز) سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت مشرق وسطی اور یورپ وامریکہ میں مسلمانوں نے منگل کو عید منائی جبکہ پاکستان میں عیدالاضحی آج مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔ مساجد اور عیدگاہوں میں نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات ہوں گے اور لوگ سنت ابراہیمی کی یاد میں جانوروں کی قربانی کریں گے۔ متحدہ عرب امارات میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع شیخ زید مسجد ابوظہبی میں ہوا۔ مسجد اقصیٰ میں بھی نماز عید کا بڑا اجتماع ہوا جس میں فلسطینیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انڈونیشیا میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع جکارتہ میں ہوا۔ عیدالاضحی کی نماز کے اجتماعات میں اسلام کی سربلندی اور ملک کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ امریکہ، کینیڈا اور یورپی ممالک کے رہنے والے مسلمانوں نے زیادہ تر مسلم کمیونٹی سنٹرز میں عید کی نماز کی ادائیگی کرنے کے بعد سنت ابراہیمی کی پیروی میں قربانی دی۔ پاکستان میں مقیم بوہری برادری نے منگل کو عیدالاضحی منائی۔ بھارت اور بنگلہ دیش سمیت دیگر ممالک میں آباد مسلمان آج کو عیدالاضحی منائیں گے۔ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ریاستوں، افغانستان اور یورپ کے کچھ ممالک میں عید الاضحی منائی گئی۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے، جہاں لاکھوں حاجیوں سمیت فرزندان اسلام نے نماز عید ادا کی۔ امام کعبہ نے نماز عید کے خطبے میں فلسفہ قربانی کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور مسلمانوں کو حضرت محمد مصطفیؐ کے اسوہ حسنہ پر عمل کرنے کی ہدایت کی۔ مقبوضہ بیت المقدس فلسطین میں بھی عیدالاضحی روایتی جوش و جذبے سے منائی گئی اور مسجد الاقصی میں عید کا سب سے بڑا اجتماع ہوا۔ چین میں آباد مسلمان بھی آج عید منائیں گے۔ خیبر پی کے میں افغان مہاجرین نے بھی عید منا لی۔ لاہور میں نماز عید کے بڑے اجتماعات جامع مسجد دربار حضرت داتا گنج بخشؒ، عالمگیری بادشاہی مسجد، جامعہ نعیمیہ، جامع مسجد وزیرخان، جامعہ اشرفیہ، جامع منصورہ، جیلانی پارک، مسجد شہدائ، یونیورسٹی گرائونڈ، جامع مسجد دارالسلام باغ جناح کے علاوہ شہر بھر کی عیدگاہوں اور پارکس میں عید کے اجتماعات منعقد ہونگے۔ وفاقی حکومت نے عیدالاضحی کی تعطیلات کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنیکا اعلان کیا ہے۔ صارفین کی بجلی کی ڈیمانڈ پوری کرنے کیلئے انڈسٹری کو 3روز بجلی مکمل منقطع ہو گی۔ گھریلو صارفین کی ڈیمانڈ ملک کی بجلی کی ڈیمانڈ کا 78فیصد کے قریب ہے۔22فیصد کے قریب بجلی انڈسٹری، کمرشل صارفین کو مہیا کی جاتی ہے۔ ملک میں بجلی کی ڈیمانڈ 24ہزار میگاواٹ کے قریب ہے جبکہ نیشنل گرڈ سے صارفین کو اوسطاً 19ہزار میگاواٹ کے قریب بجلی فراہم کی جاتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن