• news

بھارت کشمیر سمیت تمام تنازعات مذاکرات سے حل کرے‘ تجارت شروع کی جائے: عمران

اسلام آباد +لاہور(سپیشل رپورٹ+ اپنے سٹاف رپورٹر سے +سپیشل رپورٹر +ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے بھارت کو تمام تصفیہ طلب معاملات پر مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل کی جانب پیش قدمی کیلئے بھارت اور پاکستان کو مذاکرات کرنا ہوں گے اور کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات کا حل نکالنا ہوگا۔ برصغیر میں غربت کے خاتمے کا بہتر طریقہ بات چیت اور تجارت ہے، امن کے بغیر دونوں ملک خوشحال نہیں ہوسکتے۔ منگل کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو پاکستان آنے پر بھارتیوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنائے جانے پر کہا کہ میری تقریب حلف برداری کیلئے پاکستان آنے پر میں سدھو کا مشکور ہوں۔ وہ امن کا سفیر بن کر آیا جسے پاکستانی عوام نے بے پناہ محبت اور پیار دیا۔ بھارت میں جو لوگ سدھو کیخلاف تلواریں سونتے ہوئے ہیں وہ حقیقت میں برصغیر کے امن پر حملہ آور ہیں جس کے بغیر ہمارے لوگوں کی ترقی ممکن نہیں۔ امن کے بغیر لوگ ترقی نہیں کرسکتے۔ وزیراعظم نے کہا مستقبل کی جانب پیش قدمی کیلئے بھارت کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات پر مذاکرات کرے اور باہمی تجارت شروع کرے۔ انہوں نے کہا کہ غربت مٹانے اور برصغیر کے عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے کا آسان ترین نسخہ ہے کہ بھارت کشمیر سمیت تمام تنازعات مذاکرات سے حل کرے اور باہمی تجارت شروع کی جائے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستان عالمی برادری کے ساتھ ہے۔ عالمی برادری دہشت گردی کے متاثرین کی مدد کے لیے اقدامات کرے۔ دہشت گردی سے متاثرہ افراد کے لیے دنیا میں پہلی بار منائے جانے والے دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کے ہاتھوں تکلیف پہنچنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ آج قانون نافذ کرنے والے اداروں، مسلح افواج کو سراہنے اور عوام کے تحفظ کے لیے بے پناہ قربانیاں دینے والوں کا دن ہے۔ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں شہری اور سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے۔ سانحہ اے پی ایس کے متاثرین کو اپنے خیالات اور دعاؤں میں یاد رکھتے ہیں۔ اے پی ایس حملے کے 130 شہداء کو کبھی بھلایا نہیں جاسکتا۔ وزیراعظم نے کہا کہ نقصانات کے باوجود ہمارا دہشت گردی کے خلاف جنگ کا عزم پختہ ہے۔ عالمی برادری مل کر دہشت گردی کے متاثرین کی مدد کے لیے اقدامات کرے۔ دہشت گردی کیخلاف مشترکہ کوششوں کو تیز کرنا ہوگا۔ حکومت پاکستان نے متاثرین کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ عارضی نقل مکانی کرنے والے افراد کی بحالی کی گئی بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو اور لواحقین کی مالی معاونت کی گئی۔ وزیر اعظم نے کہا پاکستان دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے میں عالمی برادری کے ساتھ ہے، دہشت گردی کے متاثرین کی مدد کے لیے اقدامات کرنے کا اعادہ کرتے ہیں۔ دہشت گردی ہماری روشن خیالی برداشت اور بھائی چارے میں کمی نہیں لاسکی۔ وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب کو وفاق کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ عمران خان نے کہا کہ وفاقی حکومت پنجاب کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ تمام اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں۔ پنجاب کے عوام نے پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیا ہے۔ تبدیلی نظر آنی چاہئے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما علیم خان بھی موجود تھے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، وزیراعلی خیبر پی کے محمود خان نے نئی کابینہ سے متعلق وزیراعظم کو اعتماد میں لیا۔ وزیراعظمنے پارلیمانی پارٹی سے اپنے خطاب میں کہا کہ خیبرپی کے کے عوام نے ہمیں ایک بار پھر مینڈیٹ دیا ہے۔ ہمیں خیبر پی کے میں پہلے سے زیادہ اور بہتر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ سابق حکومت کے مصنبوے مکمل کریں گے۔ خیبرپی کے میں جاری تمام ترقیاتی منصوبے فی الفور مکمل کرکے رپورٹ دی جائے۔ وزیراعظم نے تمام وزارتوں میں اصلاحات کے ساتھ کرپشن سے پاک بنانے کے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ تمام معاملات کو خود مانیٹر کروںگا، تسلسل کے ساتھ خیبرپی کے کا دورہ کرتا رہوں گا۔ تمام وزراء بااختیار اور جوابدہ بھی ہوں گے پہلے 100 دن میں حقیقی اور موثر تبدیلی نظر آنی چاہئے، نئی کابینہ کے ارکان شاہ خرچیوں سے پرہیز کریں۔ خیبرپی کے عوام نے مجھے اور میری پارٹی کو جو اعتماد دیا اس کو ٹھیس نہیں پہنچنا چاہئے صوبے میں سادگی اور کفایت شعاری کو رائج کیا جائے، مرکز میں ہم غیر ضروری اخراجات کم کئے ہیں۔ علاوہ ازیں عمران خان نے کابل میں صدارتی محل کے قریب عیدالاضحی کے اجتماع کے دوران راکٹ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے تمام پارٹیوں پر زور دیا ہے کہ وہ افغان حکومت کی جنگ بندی پر عمل کریں۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کی جانے والی کوششوں میں ہم افغان حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح کے بزدلانہ حملے دہشتگردوں کی شکست خوردہ نیت کی عکاسی کرتے ہیں۔ وزارت خارجہ نے کابل میں سفارتی علاقے کے قریب افغان صدر اشرف غنی کی طرف سے عیدالاضحی کے اجتماع میں تقریر کے دوران راکٹ فائر کئے جانے کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق خیبر پی کے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں خیبرپی کے کابینہ کے لئے شارٹ لسٹ کئے گئے 28 ارکان کے انٹرویو مکمل ہو گئے۔ عمران خان نے ارکان سے وزارت سے متعلق سوال جواب اور معلومات لیں۔ انٹرویو کے دوران وزیراعلی خیبر پی کے محمود خان اور نامزد گورنر شاہ زمان بھی موجود تھے۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین وزیر اعظم عمران خان نے عید الاضحیٰ کے بعد وفاقی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کرلیا ہے وہ مزید دس وزراء ، مشیروں اور معاونین خصوصی کو کابینہ میں شامل کریں گے۔ اس سلسلے میں انٹرویوز بھی کئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں عید کے فوری بعد جمعہ کے روز وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا ہے کابینہ کے اس اجلاس میں متعدد اہم وزارتوں کے سربراہ اپنی اداروں کی رپورٹ پیش کریں گے اس اجلاس میں سابق حکومت کے دورمیں بعض ایسے منصوبے جن کے بارے میں شک ہے کہ ان میں بھاری کمشن لیا گیا ہے ان کے بارے میں تحقیقات کرنے کی کے بارے میں غور کیا جائے گا ۔ وزارت داخلہ کے اعلی حکام امن امان کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیں گے۔ ملک کی معاشی صورتحال پر وزیر خزانہ کابینہ کو بریف کریں گے۔ ایک ہفتے کے وقفے سے کابینہ کا دوسرا اجلاس ہے۔

ای پیپر-دی نیشن