میرٹ‘ گڈگورننس‘ قانون کی حکمرانی ہو گی‘ کام نہ کرنے والا افسر پنجاب میں نہیں رہے گا: عثمان بزدار
لاہور (خبر نگار+ آن لائن+ نوائے وقت نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلی سطح کے اجلاس میں امن وامان کی مجموعی صورتحال اور عید الاضحی پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا صوبے میں قانون کی حکمرانی کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے گا اور میں قانون کے خلاف کوئی بات برداشت نہیں کروںگا۔ میں بھی کوئی غیرقانونی کام کا کہوں تو اس پر عملدرآمد نہ کیا جائے۔ صوبے میں میرٹ، گڈ گورننس اور قانون کی حکمرانی کا راج ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا حقیقی تبدیلی لاکر عوام کو ریلیف دیںگے، اچھے اور کام کرنے والے افسروں کو پرموٹ کریں گے اور بہترین کاکردگی دکھانے والے افسروں کے پیچھے میں کھڑا ہوں گا، جو کام نہیں کرے گا وہ پنجاب میں نہیں رہے گا اور ایسے افسر اپنے بارے میں خود سوچ لیں۔ انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان کے ویژن پر عملدرآمد کر کے پولیس نظام میں اصلاحات لائیںگے۔ سرکاری اخراجات کو کم سے کم رکھیںگے۔ کفایت شعاری اور سادگی کو حقیقی معنوں میں رائج کیا جائے گا اور تبدیلی سب کو نظر آئے گی، یہ تبدیلی پاکستان کے عوام کی خدمت کیلئے ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا میں خود ہر ضلعی اور ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کروں گا اور محکموں میں جا کر بریفنگز لوں گا، صرف ضروری سکیورٹی لوں گا۔ انہوں نے کہا کام کرنیوالے افسروں کو سر آنکھوں پر بٹھائیںگے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی عیدالاضحی پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں اور ون ویلنگ کو روکنے کیلئے بھی عملی طورپر اقدمات کئے جائیں، زبانی جمع خرچ سے کام نہیں چلے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا میں پولیس نظام بہتر بنانے کیلئے پورا سپورٹ کروںگا۔ وزیراعلیٰ نے عید الاضحی پر صوبہ بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا سالڈ ویسٹ کمپنیاں، متعلقہ ادارے اور انتظامیہ صفائی ستھرائی یقینی بنانے کیلئے متحرک انداز میں کام کرے اور عیدالاضحی پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات ہونے چاہئیں۔ صفائی کے انتظامات کو خوب سے خوب تر بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا رواں برس صفائی کے انتظامات گزشتہ برس کے مقابلے میں بہتر ہونے چاہیے۔ تمام متعلقہ ادارے بہترین کوآرڈینیشن کے تحت فرائض سرانجام دیں۔ عوام کو اگر آلائشوں کی بنا پر کسی دشواری کا سامنا کرنا پڑا تو سخت ایکشن لوں گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو صاف ماحول اور انہیں سہولتیں فراہم کرنا حکومت اور متعلقہ ادارو ںکی ذمہ داری ہے۔ متعلقہ محکموں اور اداروں کو فعال انداز میں کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا صفائی کے انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ کھلے مقامات پر سری پائے بھوننے کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔ عیدالاضحی پر آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگایا جائے۔ عیدالاضحی پرعوام کی سہولت اورصفائی کیلئے کئے جانیوالے انتظامات کی ذاتی طور پر نگرانی کروں گا۔ انہوں نے کہا صفائی و ستھرائی اور آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیںکی جائیگی۔ صفائی کے بارے میں شہریوں کی شکایات پر کارروائی ہو گی۔ مزید براں عیدالاضحی کے موقع پر ملت اسلامیہ اور پاکستانی قوم کے نام اپنے پیغام میں انہوں نے کہا قوم آج عید الاضحی اور نئے پاکستان کی خوشیاں بھرپور طریقے سے منا رہی ہے اور نئے پاکستان نے عید کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا ہے- انہوں نے کہا یہ عید پاکستان میں تبدیلی کی بنیادبنی ہے اور میں قوم کو عیدالاضحی اورنئے پاکستان کی مبارکباد دیتا ہوں- عیدالاضحی خوشیوں، قربانی، ایثار اور محبت کا تہوار ہے اوردین اسلام غریب لوگوں کو خوشی کے تہواروں میںشامل کرنے کا درس دیتا ہے- معاشرے کے پسے ہوئے طبقات، مفلس اور محروم معیشت افراد کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنا ہی عید کا فلسفہ ہے اور ہمارا خلاقی، قومی اور دینی فریضہ ہے کہ ہم عید پر محروم طبقے کیساتھ خوشیاں بانٹیں۔ ہمیں وطن کی حفاظت کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنیوالوں کی عظیم قربانیوں کو بھی یاد رکھنا ہے۔ علاوہ ازیں انہوں نے نویں جماعت کے امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا قوم کے بچوں اور بچیوں نے اپنی محنت کے ذریعے پوزیشنیں حاصل کرکے اپنے والدین اور اساتذہ کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ بعض طلبا و طالبات نے کم وسائل کے باوجود عزم، حوصلے اور محنت کے ساتھ یہ مقام حاصل کیا۔ پوزیشن ہولڈر طلبا و طالبات پاکستان کے چمکتے ستارے اور قیمتی اثاثہ ہیں اور پاکستان کا مستقبل انہی ہیروں سے جڑا ہوا ہے۔ نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بطور وزیراعلیٰ پنجاب اپنی پہلی عید لاہور میں منائیں گے۔ آن لائن/ نوائے وقت نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا وزیراعظم عمران خان کا سپاہی ہوں جلد سانحہ ماڈل ٹاؤن اور پانچ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی انکوائری بلاامتیاز ہو گی۔ سیکرٹری سے تمام تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں۔ اپنے اوپر لگائے جانے والے الزامات مسترد کرتا ہوں۔ میں کبھی کسی جرم میں ملوث نہیں رہا۔ دیت دینے کا الزام بھی جھوٹا ہے میں نے صلح کروائی تھی جس کو غلط انداز سے پیش کیا گیا۔ سازشوں کے باوجود عمران خان کے ویژن کو لے کر چلوں گا۔ انشاء اللہ میری ٹیم بہترین لوگوں پر مشتمل ہو گی۔ محکموں کو سمجھنے والے ہی کابینہ کا حصہ ہوں گے ۔ کرپٹ افسران کے خلاف احتساب ہو گا۔ میری اور میری حکومت کی ترجیح کرپشن کے ناسور کو ختم کرنا ہے۔ میں صرف پاکستان کا ایجنٹ اور وزیر اعظم عمران خان کی کرپشن کے خلاف جنگ کا سپاہی ہوں ۔ انہوں نے بتایا سی ایم ہاؤس کے 260 ملازم نگران حکومت نے فارغ کئے ۔ مزید سیاسی بھرتیوں کو جلد ختم کر دیا جائے گا۔ انہوں نے بھی عمران خان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سادگی اور بچت کی روایت برقرار رکھتے ہوئے اجلاس میں شرکاء کی صرف چائے، بسکٹ اور پانی سے تواضع کی۔