• news

پی سی بی گورننگ بورڈ کے عارف اعجاز اور مفتاح اسماعیل کی چھٹی

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) چیئر مین پی سی بی نجم سیٹھی کے مستعفی ہونے کے بعد بورڈ میں بھی تبدیلیوں کی ہوا چل پڑی۔پی سی بی سٹاف میں خوشی اور غم کے ملے جلے جذبات دیکھنے میں آ ئے۔ گورننگ بورڈ کے ارکان عارف اعجاز اور مفتاح اسماعیل بھی گئے۔ چیئرمین کے انتخاب کے بعد بورڈ ڈائریکٹرز میں بھی بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ ہو گی۔ ملک میں تبدیلی کی چلنے والی ہواچیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کو بہا کر لے گئی۔ وزیر اعظم کے نمائندے عارف اعجاز اور مفتاح اسماعیل بھی فارغ ہو گئے۔ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے پی سی بی گورننگ بورڈمیں نامزد کئے گئے احسان مانی کا بطور چیئرمین منتخب ہونا یقینی ہیتاہم انہیں عید کے بعد منعقد ہونے والے انتخاب برائے چیئرمین کا انتظار کرنا ہوگا۔ چیئرمین کے آتے ہی پی سی بی کے افسران کی بڑے پیمانے پر تبدیلیاں ہوں گی۔ ان میں ڈائریکٹر میڈیا، ڈائریکٹر مارکیٹنگ، ڈایریکٹر انٹرنیشنل افئیر ز اور ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز کی چھٹی بھی یقینی ہے۔ چیف فنانشل آ فیسر بدر ایم خان کی بھی تبدیلی کا قوی امکان ہے۔عمران خان کے قریبی ساتھی سابق ٹیسٹ کرکٹر ذاکر خان جنہیں گزشتہ دو سال سے او ایس ڈی بنا رکھا تھا، ڈائریکٹر انٹر نیشنل کرکٹ افیئرز اور چیف آ پریٹنگ آ فیسر کے عہدے کے لئے مضبوط امیدوار ہیں۔پی سی بی سٹاف مین بھی کھڈے لائن لگائے جانے والے ارکان نجم سیٹھی کے جانے سے خوش دکھائی دیتے ہیں جبکہ ان کے منظور نظر اپنے مستقبل بارے کافی پریشان ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن