نئے پاکستان کیلئے مشرف کی پرانی ٹیم کا انتخاب کیاگیا:پرویز ملک، عمران نذیر
لاہور(خصوصی رپورٹر)مسلم لیگ ن لاہور کے صدر پرویز ملک، و جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ قوم کو عید کی خوشیاں مبارک ہوں،عمران نیازی کی تقریر میں توانائی بحران سے متعلق کوئی بات نہیں کی نہ ہی دہشتگردی کے خاتمے کیلئے عمران خان نے کوئی پلان دیا نئی حکومت کے پاس ٹھوس روڈ میپ نہیں کہ مزید کتنی بجلی سسٹم میں لائی جائے گی۔نئے پاکستان کی تعمیر کیلئے جنرل مشرف کی قدیمی پاکستان کی ٹیم کا انتخاب کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سید توصیف شاہ،علی پرویز ملک، عامر خان، سعدیہ تیمور،جاوید اقبال ،رانا احسن شرافت سمیت دیگر بھی موجود تھے،انہوں نے کہا کہ پرانی باتوں کو دہرایا، عمل درآمد کا کوئی ٹھوس میکینزم نہیں دیا۔ بجلی کا بحران اور دہشت گردی کا عمران خان کی تقریر میں بڑے مسائل کے طور پر نہ ہونا ثابت کرتاہے کہ مسلم لیگ ن نے ان مسائل پر قابو پایا،انہوں نے کہا کہہم ووٹ کی عزت اور سول بالادستی کے لئے فیصلہ کن جنگ لڑنے کے لئے تیار ہیں۔ حقیقی جمہوری قوتوں کے اتحاد کا وقت آ گیا ہے۔ لاڈلے کو پلیٹ میں رکھ کر اقتدار پیش کیا جا رہا ہے۔شروع سے آخر تک پورا الیکشن اغوا کیا گیا ہے۔