عالمی عدالت انصاف میں کلبھوشن کیس مقرر‘ سماعت 19 سے 25 فروری تک روزانہ ہو گی
اسلام آباد (آئی این پی+صباح نیوز)عالمی عدالت انصاف نے پاکستان میں گرفتار ہونے والے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے متعلق کیس سماعت کے لیے مقرر کردیا۔ذرائع کے مطابق کلبھوشن یادیو کیس آئندہ برس فروری میں سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔ عالمی عدالت انصاف میں 19 سے 25 فروری 2019 ءتک روزانہ کی بنیاد پرسماعت ہو گی۔ عدالت انصاف میں پاکستان اور بھارت نے کلبھوشن یادیو کیس میں دو، دو جوابات جمع کرائے ہیں۔پاکستان نے اپنے جمع کرائے گئے جوابات میں بھارت کے تمام اعتراضات کے جواب دیے تھے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کلبھوشن کے خلاف ٹھوس ثبوت ہیں ، عالمی عدالت میں کامیابی ملے گی جبکہ قوم کو تلخ فیصلوں کے لئے تیار رہنا ہوگا۔ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان نے وزیراعظم بننے کے بعد قوم سے اپنے پہلے خطاب میں عام آدمی کے جذبات کی ترجمانی کی ۔ قوم کو تیار رہنا ہوگا ۔ کچھ تلخ فیصلے کرنے ہونگے۔ عمران خان نے قوم سے ساتھ دینے کی درخواست کی ہے۔کوشش کرینگے عالمی عدالت میں اپنا موقف موثر طور پر پیش کریں او آئی سی مےں گستاخانہ خاکوں کا مسئلہ اٹھائیں گے اور مسلمانوں کے جذبات سے دنیا کو آگاہ کریں گے۔
عالمی عدالت