• news

میرے مواخذے سے امریکی غریب سٹاک مارکیٹ گر جائیگی : ٹرمپ

واشنگٹن (اے ایف پی +نیٹ نیوز+ اے پی پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگران کا مواخذہ ہوا تو ہر امریکی غریب ہو جائے گا اور مارکیٹ کریش کر جائے گی۔ اپنے مواخذے کے بڑھتے ہوئے امکانات پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہوں نے تو امریکی معیشت بہتر کردی ہے، ان کا مواخذہ کیوں ہوگا؟ امریکی صدر سے پوچھا گیا کہ وہ اپنی کارکردگی کو کیا گریڈ دیں گے تو انہوں نے خود کو اے پلس گریڈ دینے کا کہا۔ امریکی صدر نے خبردار کرتے ہوئے کہا بدترین قوانین کے ہوتے ہوئے بھی ہم بہترین کام کر رہے ہیں۔ فوکس نیوز کوانٹرویو دیتے ہوئے صدر ٹرمپ کاکہنا تھا ان کے دور میں سٹاک مارکیٹ مسلسل اوپر جا رہی ہے جوکریش کر گئی تو سارے سرمایہ کار غریب ہو جائیں گے۔ ٹرمپ نے الزام لگایا کہ ہلیری کو ہرانا انکا سب سے بڑا گناہ بن گیا جو ڈیموکریٹس ابھی تک ہضم نہیں کر پا رہے۔ مزید برآں امریکی صدرکے سابق وکیل مائیکل کوہن نے نیویارک میں وفاقی پراسیکیوٹرز کے ساتھ ایک پلی بارگین پر اتفاق میں اعتراف کیا ہے کہ وہ انتخابی مہم کی مالیاتی بے ضابطگیوں، بینک فراڈ اور ٹیکس چوری میں ملوث تھے۔ ان کا کہنا تھا انہوں نے ایسا ’انتخابی امیدوار‘ کی ایماءپر کیا اور اس کا بنیادی مقصد انتخابات کے نتائج پر اثر انداز ہونا تھا۔ مائیکل کوہن کا یہ اعتراف ان رقوم سے متعلق ہے جو صدر ٹرمپ نے اپنی دو مبینہ محبوباو¿ں کو خاموش رہنے کے لیے ادا کی تھی۔جو ایک لاکھ تیس ہزار اورڈیڑھ لاکھ ڈالر تھی۔ اکیاون سالہ مائیکل کوہن نے استغاثہ کے ساتھ ایک معاہدے میں ٹیکس اور بنک فراڈ سمیت آٹھ جرائم کا اعتراف کیا ہے۔ مائیکل کوہن نے خود کو ایف بی آئی کے حوالے کر دیا۔ ذرائع کے مطابق منگل کی صبح تفتیشی عہدے داروں اور کوہن کے درمیان عدالت سے باہر ایک معاہدے پر اتفاق ہو گیا تھا۔ عدالت سے باہر ہونے والا یہ معاہدہ صدر ٹرمپ کے لیے قانونی خطرات میں اضافہ کر سکتا ہے، کیونکہ اب یہ امکان موجود ہے کہ کوہن امریکی سپیشل کونسل رابرٹ ملر کو ان تحقیقات کے لیے معلومات فراہم کر سکتے ہیں جو وہ 2016ءکے انتخابات میں روسی مداخلت کے حوالے سے کر رہے ہیں۔
ٹرمپ/ مائیکل کوہن

ای پیپر-دی نیشن