معروف بھارتی صحافی کلدیپ نائر کا انتقال، آخری رسومات ادا کر دی گئیں
نئی دہلی+ لاہور (اے پی پی + آئی این پی ) معروف بھارتی صحافی اور انسانی حقوق کے کارکن کلدیپ نائر کی آخری رسومات نئی دہلی میں ادا کر دی گئیں۔ آزادی صحافت اور پاکستان بھارت دوستی کے لئے انتھک جدوجہد کے حوالے سے انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ صحافت کے لئے خدمات پر 2015ءمیں انہیں ”لائیو ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ۔کلدیپ نائر طویل علالت کے بعد جمعرات کی صبح نئی دہلی کے ایک ہسپتال میں پچانوے برس کی عمر میں چل بسے تھے، کلدیپ نائر کی سوگواران میں بیوی اور 2بیٹے شامل ہیں وہ ایک مدت کے لئے پارلیمان کے ایوان بالا کے رکن اور برطانیہ میں بھارت کے سابقہ ہائی کمشنر بھی رہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے صحافی کلدیپ نائر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ کلدیپ نائر کے اہلخانہ کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کلدیپ کی امن دوست کے طور پر صحافتی خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی۔ کلدیپ نے اپنا قلم نفرتیں مٹانے اورخطے کے عوام کو قریب لانے کیلئے استعمال کیا اور وہ اعلیٰ صحافتی روایات کے درخشندہ ستارے تھے۔ وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ کلدیپ نے اپنا قلم نفرتیں مٹانے اور خطے کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لیے استعمال کیا۔مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بھی کلدیپ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
کلدیپ نائر