قوم میں قربانی کا جذبہ ابھارنے کیلئے حکمران نمونہ بنیں: مولانا فضل الرحمن بن محمد
لاہور (خصوصی نامہ نگار) انجمن اہل حدیث لاہور کے صدر اور جامع محمدی اہلحدیث کے خطیب مولانا فضل الرحمن بن محمد نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز اس وقت بے شمار مسائل سے دوچار ہے۔ پانی کا مسئلہ، ڈیموں کا مسئلہ، مہنگائی کا مسئلہ، قرضوں کا مسئلہ، پچھلی حکومتوں نے باتیں تو بہت کیں لیکن خود عمل سے عاری تھے۔ موجودہ نئی حکومت ہر معاملہ میں کفایت شعاری اپنائے، قوم میں قربانی کا جذبہ ابھارنے اور پیدا کرنے کے لئے حکمران خودنمونہ بنیں اور عملی مظاہرہ کریں۔ کتنی ستم ظریفی ہے کہ قرضوں کے سود کی رقم اتارنے کے لئے بھی قرض لینا پڑتا ہے۔ مدینہ ریاست کی بات کرتے ہیں تو اس کے مطابق عمل کرناہوگا۔ قوم قربانی دینا چاہتی ہے لیکن انہیں یہ یقین ہو کہ ان کا پیسہ درست استعمال ہورہا ہے۔ ڈیموں کے لئے قوم پیسہ دے گی۔ اس حکومت سے قوم کو بہت امیدیں وابستہ ہیں اور ان کو حل کرنے کے لئے وقت بہت کم ہے لیکن پلاننگ اور حب الوطنی کے جذبہ سے تمام مسائل رکاوٹیں دور ہوتی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلمانوں کے لئے عیدالاضحی کا پیغام یہی ہے کہ اپنی عزیز ترین اور پیاری چیز اللہ کے راستے میں قربان کرنے سے گریز نہ کریں۔