• news

شہری پر تشدد، تحریک انصاف نے ایم پی اے عمران شاہ کو 5 لاکھ جرمانہ کر دیا

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف نے کراچی میں شہری کو تشدد کا نشانہ بنانے والے ایم پی اے عمران شاہ پر 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔ تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے بتایا کہ کسی کے ساتھ ایسا رویہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ عمران شاہ نے پارٹی کے سامنے جرم قبول کیا، تمام حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈسپلن کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے ضعیف، بیمار اور ایدھی سنٹر میں موجود 20 لوگوں کا علاج کرایا جائے گا، اگر دوبارہ شکایت ملی تو پارٹی سے خارج بھی کیا جا سکتا ہے۔ چیئرمین کمیٹی رضا ذکی نے معاملے کی انکوائری کی اور عمران کو ایدھی فنڈ میں 5 لاکھ روپے جمع کرانے کی سزا سنائی۔متاثرہ شہری داﺅد چوہان نے کہا ہے ایم پی اے عمران شاہ کو سزا ملنے پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتا، معاشرہ تعین کرے گا عمران شاہ کو دی گئی سزا ٹھیک ہے یا نہیں۔

جرمانہ

ای پیپر-دی نیشن