• news

بابر اعوان سے علیم خان کی ملاقات‘ صدارتی الیکشن اور پنجاب کابینہ پر مشاورت

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم کے مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابراعوان سے علیم خان نے ملاقات کی جس میں صدارتی انتخابات اور پنجاب میں صوبائی کابینہ کی تشکیل پر مشاورت کی گئی۔ ملاقات میں پنجاب میں کابینہ کی تشکیل کے فوری بعد اہم فیصلوں پر اتفاق کیا گیا۔ بابر اعوان نے کہا صدارتی انتخاب کے حوالے سے مربوط حکمت عملی بنا چکے ہیں۔ پی ٹی آئی کے صدارتی امیدوار عارف علوی بھاری اکثریت سے جیتیں گے۔ اپوزیشن کی اے پی سی میں اختلافات ہی اختلافات ہیں۔ مری کی ٹھنڈی ہواﺅں میں بیٹھ کر ذاتی مفادات کیلئے فیصلے کیے جارہے ہیں۔ یقین سے کہہ سکتا ہوں اپوزیشن کی اے پی سی میں عوامی مفاد سے متعلق کچھ نہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے حالیہ فیصلوں کو عوام میں پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ وزیراعظم کی پالیسیوں کا دائرہ کار پنجاب اور ملک بھر تک پھیلایا جائے گا۔ ملک میں کرپشن کے خلاف عدم برداشت کا کلچر فروغ پا رہا ہے۔ عمران خان کے ویژن کے مطابق اداروں کو مضبوط، کرپشن فری کرنا اولین ترجیح ہے۔ علیم خان نے کہا پنجاب میں عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں پر توجہ دیں گے۔ میگا پراجیکٹس کا آڈٹ ہوا تو قوم کے سامنے کرپشن کے اصل حقائق آجائیں گے۔
بابراعوان/ ملاقات

ای پیپر-دی نیشن