• news

کراچی : پولیس منشیات فروشوں میں جھڑپ فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ورثا کا سپرہائی وے بلاک کر کے احتجاج

کراچی (خصوصی رپورٹر) کراچی کے علاقے سپر ہائی وے پر واقع خلجی گوٹھ میں پولیس نے منشیات کے اڈے پر چھاپہ مارا ہے۔ پولیس کی مبینہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ منشیات کے اڈے سے پولیس نے 10افراد کو گرفتار بھی کیا ہے۔ علاقہ مکینوں نے جاں بحق ہونے والے نوجوان کی نعش موٹر وے ایم نائن پر رکھ کر احتجاج کیا۔ مشتعل مظاہرین نے پولیس موبائل اور گڈاپ تھانے پر پتھراﺅ بھی کیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کی شیلنگ کی ایس ایس پی ملیر شیراز نظیر کا کہنا ہے کہ پولیس منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن کررہی تھی اس دوران منشیات فروشوں نے پولیس پر فائرنگ کردی پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ایک منشیات فروش زخمی ہوا۔ علاوہ ازیں پاک کالونی سے منشیات فروش شیراز عرف ڈکیت کو گرفتار کر لیا گیا، ملزم جو ساجد ماجد کا بھائی ہے منشیات کا اڈہ چلاتا تھا۔ ہنگامہ آرائی اور نوجوان کی ہلاکت پر تین مقدمات درج کر لئے گئے۔ پولیس حکام کے مطابق نوجوان کے قتل، ہنگامہ آرائی اور منشیات برآمدگی کے تین مقدمات درج کر لئے گئے۔ نوجوان بلال کے قتل کا مقدمہ والدہ کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
سپر ہائی وے/ نوجوان ہلاک

ای پیپر-دی نیشن