ساڑھے 4 برس وزیر خارجہ کا تقرر نہ کر کے ملک کو تنہا کرنے کی سازش کی گئی: شاہ محمود
ملتان (نامہ نگار خصوصی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں ساڑھے چار سال تک وزیر خارجہ کا تقرر نہ کرکے پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا اور کمزور کرنے کی سازش کی گئی۔ پاکستان پر الزامات لگتے رہے۔ لیکن ان الزامات کا جواب دینے والا کوئی نہ تھا۔ پاکستان کا مفاد سب سے برتر اور اسی کو سامنے رکھ کر پاکستان کی خارجہ پالیسی از سرنو تشکیل دیں گے۔ عمران خان نے وزارت خارجہ کی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے سب سے پہلے وزارت خارجہ کا دورہ کیا اور خارجہ پالیسی پر بریفنگ لی۔ عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی میرج ہال میں این اے 156 کے ووٹرز، سپورٹرز، بلدیاتی نمائندوں، ارکان اسمبلی کے اعزاز میں عشائیہ سے خطاب میں کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا ملک اس وقت بحرانی کیفیت میں ہے ۔ ملکی خزانہ خالی ہے ۔ ملک پانی کے بحران کا شکار ہے۔ پچھلی کئی دہائیوں سے پانی کے حوالے سے کوئی نیا منصوبہ نہیں بنایا گیا۔ ملک کا زرعی شعبہ زبوں حال ہے ۔ ملک کی صنعتیں بند ہونے کے قریب ہیں۔ ملک میں سرمایہ کاری نہ ہونے کے برابر ہے۔ قوم مقروض ہو چکی ہے ۔ ملک میں ڈویلپمنٹ ورک کا پیسہ ادھار کا ہے۔ مسائل کے مقابلے میں وسائل بہت کم ہیں۔ ان حالات میں عمران خان نے کفایت شعاری کا اعلان کرکے عوام کے دل جیت لئے ہیں۔ بھاشا ڈیم بنانے کیلئے دن رات کام کریں گے ۔ ہم بلدیاتی نظام میں تبدیلی لائیں گے۔
شاہ محمود