اخراجات میں کمی کے اقدامات کو قوم میں پذیرائی مل رہی ہے: مسرت جمشید چیمہ
لاہور(خبر نگار) تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے حکومتی اخراجات میں کمی کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کو پوری قوم سراہا رہی ہے۔مسلم لیگ (ن) میں شریف خاندان کے علاوہ کوئی شخص وزیر اعلیٰ بننے کا خواب میں بھی نہیں سوچ سکتا جبکہ پی ٹی آئی نے عثمان بزدار کو وزیر اعلیٰ بنا کر جنوبی پنجاب کی محرومیوںں کا ازالہ کرنے کی عملی کوشش کی ہے ۔مسرت چیمہ نے کہا کہ تحریک انصاف نے جس طرح اپنی کارکردگی سے خیبر پختوانخواہ میں دوبارہ حکومت بنا کر تاریخ بدلی ہے اسی طرح پانچ سالوںبعد وفاق سمیت چاروں صوبوں میں بھی حکومتیں بنائیں گے۔ پی ٹی آئی کی حکومت بننے کے بعد شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے اراکین اسمبلی کو عزت دینا شروع کر دی ہے ورنہ اس سے پہلے لیگی اراکین کو ملاقات کیلئے کئی کئی ماہ انتظار کرنا پڑتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت سادگی اور کفایت شعاری کو فروغ دے گی اور ا س سے بچت کی گئی رقم عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کریں گے ۔