• news

ہفتہ کے دوران مجموعی طورپر روئی کے بھاؤ میں استحکا م رہا

کراچی ( کامرس رپورٹر )مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران مجموعی طورپر روئی کے بھاؤ میں استحکام رہا۔ عید الاضحی کی طویل تعطیلات کے سبب کاروبار صرف پیر، جمعہ اور ہفتہ کے روز ہوا ۔ صوبہ سندھ میں روئی کا بھاؤ فی من 8200 تا 8250 روپے پھٹی کا بھاؤ فی 40 کلو 3600 تا 3800 روپے رہا۔ صوبہ پنجاب میں روئی کا بھاؤ 8300 تا 8400 روپے پھٹی کا بھاؤ 3600 تا 3800 روپے رہا۔ کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے اسپاٹ ریٹ میں فی من 100 روپے کا اضافہ کرکے اسپاٹ ریٹ فی من 8100 روپے کے بھاؤ پر بند کیا۔ کراچی کاٹن بروکرز فورم کے چیئرمین نسیم عثمان نے بتایا کہ پیر سے کاروبار میں اضافے کی توقع ہے امریکا، چین، ترکی وغیرہ میں تجارتی جنگ میں اضافہ کے سبب کاٹن کا کاروبار متاثر ہورہا ہے کیوں کہ ترکی اور چین امریکا کی روئی کے زیادہ خریدار ہیں اب یہ ممالک امریکا سے روئی درآمد کرنے سے قاصر ہونے کے امکانات کی وجہ سے بین الاقوامی کپاس کی مارکیٹوں پر اثر انداز ہونگے اس صورت حال میں بھارت اور پاکستان کو روئی درآمد کرنے کے آرڈر مل سکتے ہیں لیکن پاکستان میں کپاس کی پیداوار مقامی ملوں کی ضرورت سے بہت کم ہے اس وجہ سے پاکستان شاید روئی کی قلیل مقدار برآمد کرسکے گا تاہم بھارت کے کپاس کے کاشتکاروں اور جنرز کیلئے فائدہ مند ہوگا۔ اگر چین اور ترکی پاکستان سے ٹیکسٹائل مصنوعات درآمد کرینگے تو پاکستان کی ٹیکسٹائل کی صنعت فعال ہوسکے گی۔نسیم عثمان کے مطابق ملک میں کپاس کی پیداوار کا نجی شعبہ ایک کروڑ 15 لاکھ گانٹھوں کا تخمینہ لگا رہا ہے تاہم صوبہ پنجاب کے زرعی ماہرین اور سیکریٹری زراعت کپاس کی فصل کو تحفظ دینے کیلئے کپاس کے کاشتکاروں کو آگاہی اور مشورے دے رہے ہیں تا کہ کپاس کی پیداوار میں اضافہ کیا جاسکے۔ان کا کہنا تھا کہ آئندہ دنوں میں بارشوں کی پیش گوئی کی جا رہی ہے اورماہ ستمبر کپاس کی فصل کیلئے ستمگر ثابت ہوسکتا ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن