ملائیشیا کیخلاف فتح ٹیم ورک کا نتیجہ، نظر گولڈ میڈل پر مرکوز ہے: محمد رضوان
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان ایم رضوان سینئر کا کہنا ہے کہ ہمارا تمام فوکس ایشین گیمز میں گولڈ میڈل کے حصول پر ہے۔ تمام کھلاڑی اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ چار سال قبل ایشین گیمز کےف ائنل میں پاکستنان ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اس مرتبہ ایسا نہ ہو اس کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے چار میچوں میں کھلاڑیوں نے سخت محنت کی ہے تاہم شارٹ کارنر پر مسنگ پر قابو پانے کی بھی کوشش کر رہے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان ہاکی ٹیم کے چیف سلیکٹر اصلاح الدین صدیقی کا کہنا تھا کہ ملائیشیا کے خلاف میچ میں قومی کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کیا ہے۔ جس طرح پاکستان ہاکی ٹیم اٹیکنگ ہاکی کھیل رہی ہے اس کا قومی ٹیم کو فائدہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ایشین گیمز میں بھی پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان فائنل میچ ہوتا دیکھ رہا ہوں۔ پاکستان ہاکی ٹیم کی کامیابیوں پر کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پاکستان ٹیم کے منیجر حسن سردار کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم اچھے کھیل کا مظاہرہ کر رہی ہے، امید ہے کہ اس تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے قوم کو جیت کی خوشیاں فراہم کرینگے۔