نواز شریف کی رہائی کے لیے تحریک چلائی جائے گی:چودھر ی تنویر
اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سینیٹر چوہدری تنویر خان نے کہا ہے کہ نوازشریف کی رہائی کی تحریک چلائی جائے گی اگر مسلم لیگ (ن) کی اعلی قیادت ’’جیل بھرو‘‘ کی تحریک کی کال دی تو مسلم لیگی کارکن اپنے لیڈر سے اظہار یکجہتی کیلئے جیلیں بھر دیں گے۔ میاں نوازشریف جرأت واستقامت سے جیل کاٹ رہے ہیں۔ ان کا بلند مورال پارٹی کارکنوں کے لیے مشعل راہ ہے اتوار کو نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر جیل میں ایک نئی تاریخ رقم کررہے ہیں۔ جیل بھجوا کر ان کو سرجھکانے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی وہ پاکستان کے واحد سیاسی لیڈر ہیں جو پارلیمنٹ کی بالادستی کی جنگ لڑ رہے ہیں جس میں انشاء اللہ کامیابی ہوگی۔