• news

پی آئی اے کی پہلی حج پرواز آج و طن واپس پہنچے گی

لاہور (خبر نگار) پی آئی اے کی سعودی عرب سے پاکستان کے لئے بعد از حج پروازوں کا آغاز آج بروز پیر27 اگست سے ہو رہا ہے۔ پہلی حج پروازیں پی کے 3006 کراچی اور پی کے 3002 اسلام آباد پہنچیں گی جن کے ذریعے سات سو سے زائد حجاج کرام وطن واپس پہنچیں گے جبکہ لاہور کے لئے پہلی حج پرواز کل منگل کی صبح 7 بجے لاہور پہنچے گی۔ کراچی کے لئے پہلی حج پرواز پی کے 3006 کو پی آئی اے کے چیف فلائٹ آپریشن آفیسر کیپٹن عذیر خان آپریٹ کریں گے۔ پی آئی اے بعد از حج آپریشن کے دوران جدہ اور مدینہ منورہ سے 225 خصوصی اور شیڈول پروازیں چلائے گی۔ پی آئی اے کے صدراور چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول سیان نے پی آئی اے حج ٹیم کے ارکان کو بعد از حج آپریشن کے دوران وطن واپس آنے والے حجاج کو ہرممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات کی ہیں۔ ترجمان کے مطابق پی آئی اے 68 ہزار سے زائد حجا ج کرام کو اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، سیالکوٹ، ملتان اور فیصل آباد پہنچائے گی۔ بعد از حج آپریشن کا اختتام 25 ستمبر کو ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن