• news

وہاڑی: بااثر افراد کا لاکھوں کی اراضی ہتھیانے کیلئے بیوہ کے گھر پر دھاوا، تشدد

وہاڑی (نامہ نگار) پولیس تھانہ ماچھیوال کی حدود چک نمبر 567 ای بی کی بستی ملکاں والی میں بااثر افراد نے مبینہ طورپر بیوہ خاتون کی لاکھوں روپے مالیت کی اراضی ہتھیانے کی خاطر گھر پر دھاوا بول دیا۔ بیوہ خاتون اور جواں بیٹیوں کو بالوں سے پکڑ کر سرعام گھسیٹتے رہے اور کپڑے پھاڑ ڈالے، ڈنڈوں سوٹوں اور کلہاڑیوں کے وار کرکے شدید زخمی کردیا جب بیوہ ماں کا بیٹا اور جوان بہنوں کا بھائی چھڑانے آیا تو مبینہ ملزمان نے انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، پڑوسی آرمی ملازم چھڑانے کے لیے آگے بڑھا تو انہیں مبینہ ملزمان نے مضروب کردیا جس پر مضروبین ڈاکٹ لے کر ماچھیوال ہسپتال گئے تو مبینہ ملزمان نے خود ساختہ چوٹیں لگا کر ہسپتال آگئے جس پر مقامی ڈاکٹر نے با اثر افراد سے مبینہ ساز باز کرکے اور بھاری رشوت لے کر حقائق کو مسخ کرکے حق داروں کا میڈیکل روک لیا اور بااثر افراد کو جاری کردیا۔ ان خیالات کا اظہار پو لیس تھانہ ماچھیوال کے علاقہ 567ای بی کی بستی ملکاں والی کی رہائشی بیوہ خاتون کنیز بی بی بیوہ بلی شیر لنگڑیال نے جوان بچیوں نسرین بی بی، اختر بی بی، یاسمین بی بی اور اہل علاقہ مظہر حسین، محمد اسلم، محمد امیر ، جاوید اقبال، جہانگیر، شمشیر، زاہد اقبال، سجاد حسین، منظور حسین، محمد اسلام، ظفر حسین ودیگر کے ہمراہ بااثر مبینہ ملزمان اور ڈاکٹر صدیق مان کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کیا۔ بیوہ خاتون ودیگر نے بتایا کہ اسی بستی کے بااثر افراداظہر حسین، حاجی فضل، محمد حسین وغیرہ اپنے دیگر ساتھیوں حمید، عاطف وغیرہ کے ہمراہ گھر کے با ہر بلاوجہ فائرنگ کرکے خوف وہراس پھیلا تے تھے، 15نمبرپولیس کو اطلا ع دی تو ملز مان فرار ہو گئے۔ پولیس واپس جاتے ہی مردو خواتین کے ساتھ ہمارے گھر دھاوا بول دیا اور ہمیں ناحق مضروب کیا۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ ہمارے ساتھ انصاف کیا جائے اور ملوث ڈاکٹر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن