• news

سپیکر قومی اسمبلی وزیر خارجہ سے ملاقات تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں : چینی سفیر

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر+آئی این پی)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان شراکت داری کو نئی بلندیوں سے ہمکنار کیا جائے گا۔ حکومت اسے نئی بلندیوں پرلے جانے کا عزم رکھتی ہے۔انہوں نے پاکستان میں متعین سفیر ژاو جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا۔ چینی سفیر نے وزیر خارجہ کا منصب سنبھالنے اور ملک میں نئی حکومت کے قیام پر مبارکباد دی۔ سفیر چین نے کہا کہ دونوں ممالک ”آہنی بھائی“ اور قریبی دوست ہیں۔ ان کا ملک نئی حکومت کے ساتھ کام کرنا چاہتا ہے تاکہ دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں۔ وزیرخارجہ نے چین کے سفیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور چین قریبی دوست اور مضبوط شراکت دار ہیں۔ انہوں نے ستمبر میں ہونے والے چین کے وزیر خارجہ و سٹیٹ قونصلر وانگ ژی کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کے منتظر ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانا موجودہ حکومت کی خارجہ پالیسی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، پاک چین مثالی دوستی ہمیشہ ہر امتحان پر پوری اتری ہے اور دونوں دوست ممالک نے علاقائی اور عالمی فورمز پر ایک دوسر ے کے موقف کی حمایت کی ہے۔سی پیک منصوبہ نہ صرف دونوں ہمسایہ ممالک بلکہ پورے خطے کی تر قی و خوشحالی کا منصوبہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کے سفیر سے ملاقات کے دوران کیا ۔ملاقات میں دوطر فہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاک چین مثالی دوستی ہمیشہ ہر امتحان پر پوری اتری ہے اور دونوں دوست ممالک نے علاقائی اور عالمی فورمز پر ایک دوسر ے کے موقف کی حمایت کی ہے ، دونوں ہمسایہ ممالک کی دوستی کا رشتہ باہمی اعتماد اور احترا م کی مضبوظ بنیادوں پر استوار ہے،پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبہ نہ صرف دونوں ہمسایہ ممالک بلکہ پورے خطے کی تر قی و خوشحالی کا منصوبہ ہے۔ دونوں ممالک کی پارلیمنٹ پہلے سے موجود باہمی تعلقات کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی،پاک چین باہمی تجارت میں حائل تمام مشکلات کو قانوں سازی کے ذریعے دور کیا جائے گا،چین کے سفیریاو¿ جنگ نے سپیکر کو چین کے صدر، وزیراعظم اور نیشنل پیپلز کانگریس کے چیئرمین کی جانب سے سپیکر منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا،چینی سفیر نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور موجودہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہا ں ہے۔
شاہ محمود/چینی سفیر

ای پیپر-دی نیشن