ضمنی الیکشن‘ امیدوار آج کاغذات نامزدگی حاصل کرینگے
لا ہور (اپنے نامہ نگار سے) 2018ءکے عام انتخابات کے بعد ضمنی انتخابات کا میلہ سجنے جا رہا ہے۔ لاہور سمیت ملک بھر سے قومی اور صوبائی اسمبلی کی 37 خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لئے امیدوار آج سے کاغذات نامزدگی حاصل کرینگے۔ رٹیرننگ افسران نے پبلک نوٹس آویزاں کر دیئے۔ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق قومی اسمبلی کے 11 اور صوبائی اسمبلیوں کے 26 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی وصول کیے جائیں گے جبکہ امیدواروں کے ناموں کی فہرست 31 اگست کو جاری کی جائے گی۔ شیڈول کے مطابق ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 4ستمبر کو ہوگی جبکہ کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف 8ستمبر تک اپیلیں فائل کی جاسکیں گی اور ایپلٹ ٹریبونل13ستمبر تک اپیلوں پر فیصلہ کریں گے ۔14ستمبر کو امیدوارں کی نظر ثانی فہرستیں جاری کی جائیگی 15ستمبر تک امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔ 16 ستمبر کو امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے جبکہ 14اکتوبر کو پولنگ ہو گی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق لاہور سے قومی اسمبلی کے دو حلقے این اے124اور این اے131جبکہ صوبائی اسمبلی کے دو حلقے پی پی164اور پی پی165سمیت ملک بھر سے قو می اسمبلی کے گیارہ جبکہ صوبائی اسمبلی کے 26حلقوں پر ضمنی الیکشن ہوں گے۔
ضمنی الیکشن