وزیر ریلوے کو شٹ اپ کہنے والے حنیف گل کو عہدے سے ہٹا دیاگیا
لاہور+ ملتان (سٹاف رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کو دو روز قبل دوران اجلاس ”شٹ اپ“ کہنے والے کمرشل ٹرانسپورٹ گروپ کے آفیسر حنیف گل کو گزشتہ روز عہدے سے ہٹا دیا گیا جبکہ کمرشل ٹرانسپورٹ کے آفیسر ڈائریکٹر آپریشن ایڈمکو وسیم احمد کو چیف کمرشل منیجر (سی سی ایم) تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ حنیف گل کی تعیناتی کے حوالے سے آج فیصلہ کیا جائے گا۔ یاد رہے حنیف گل نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کے ماتحت کام کرنے سے انکار کر دیا تھا اور دو سال چھٹی کی درخواست دی تھی۔ ملتان سے نمائندہ خصوصی کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کے رویہ کی وجہ سے ریلوے افسران اور اہلکاروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ایسے تمام افسر اور اہلکار جنہوں نے گزشتہ پانچ برسوں کے دوران ریلوے کو از سر نو کھڑا کیا اپنی عزت اور وقار کو بچانے کے لئے مستعفی ہونے کے لئے سوچ رہے ہیں۔ وزیر ریلوے کی جانب سے کسی قسم کے تضحیک آمیز رویہ کی صورت میں افسران اور اہل کار نوکریوں سے استعفی کا اعلان کر دیں گے ایک ریلوے آفیسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا وفاقی وزیر ریلوے پاکستان ریلوے کی ترقی کے لئے خون بھی مانگیں گے تو پیش کریں گے لیکن تحقیر آمیز کلمات برداشت نہیں کریں گے۔
حنیف گل/ فارغ