• news

چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کے لئے شیڈول آج جاری ہونے کا امکان

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے انتخاب کے لیے شیڈول آج جاری ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) افضل حیدر نے پی سی بی گورننگ بورڈ کو مکمل کرنے کے لیے ریجن اور ڈیپارٹمنٹس سے نام مانگ رکھے ہیں جن کی روشنی میں گورننگ بورڈ کا اعلان کیا جائے گا۔ تاحال کے آر ایل اور سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے نمائندوں کا اعلان نہیں کیا گیا تھا جبکہ وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے احسان مانی اور اسد علی خان کے نام پہلے سے پی سی بی الیکشن کمشنر کو وصول ہو چکے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے 33 ویں چیئرمین کے انتخاب میں چار ریجنز جن میں لاہور ریجن سے شاہ ریز روکڑی، کوئٹہ ریجن سے مراد اسماعیل، فاٹا ریجن سے کبیر احمد انتخاب اجلاس میں شریک ہونگے سیالکوٹ ریجن کے الیکشن نہ ہونے کی بنا پر اس کا کوئی نمائندہ شریک نہیں ہو سکے گا۔ اجلاس میں چار ڈیپارٹمنٹس کے نمائندے بھی شریک ہونگے جس میں واپڈا کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین، حبیب بنک سے ڈاکٹر نجیب شامل ہیں۔ یو بی ایل کی جگہ گورننگ بورڈ کا حصہ بننے والے کے آر ایل اور سوئی سدرن گیس کے نمائندوں کا پی سی بی الیکشن کمشنر کو گذشتہ شام تک انتظار تھا جیسے ہی یہ دونوں نام وصول ہو جائیں گے۔ پی سی بی کے نئے چیئرمین کے انتخاب کے لیے شیڈول جاری کر دیا جائے گا۔ قوی امکان ہے کہ پی سی بی الیکشن کمشنر جسٹس (ر) افضل حیدر آج الیکشن شیڈول کا اعلان کر دینگے۔ واضح رہے کہ گیارہ رکنی پی سی بی گورننگ بورڈ میں سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ بھی نمائندگی کرینگے تاہم وہ ووٹ کاسٹ نہیں کر سکیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن