ایشین گیمز: قومی کھلاڑی ارشد ندیم نے جولین تھرو میں کانسی کا میڈل جیت لیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) ایشین گیمز 2018ء کے دسویں روز پاکستان نے تیسرا برانز میڈل جیت لیا۔ پاکستان کی طرف سے تیسرا میڈل اتھلیٹکس میں جولین تھرو میں ارشد ندیم نے 80.75 میٹر پر بار پھینک کر پاکستان کے لیے نہ صرف اعزاز حاصل کیا بلکہ اپنا ہی نیا قومی ریکارڈ بھی بنا ڈالا۔ پاکستان کی بیس بال اور سکواش ٹیموں نے اپنے اپنے میچز جیت لیے جبکہ باکسنگ کی 56 کلو گرام کلاس میں نقیب اﷲ نے کوارٹر فائنل مرحلہ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ انڈونیشیا کے شہر جکارتہ پلمبنگ میں جاری گیمز کے دسویں روز پاکستانی کھلاڑیوں نے سات ایونٹس میں شرکت کی۔ بیس بال ایونٹ میں پاکستان کا مقابلہ تھائی لینڈ سے ہوا جس میں پاکستان ٹیم نے ایک کے مقابلے آٹھ ٹرائی سکور سے کامیابی اپنے نام کی۔ سکواش میں پاکستان کی مینز ٹیم نے جاپان اور نیپال کی ٹیموں کو شکست سے دوچار کیا۔ پہلے میچ میں پاکستان ٹیم نے جاپان کو دو ایک سے مات دی۔ دوسرے ٹیم ایونٹ میچ میں پاکستان مینز ٹیم نے نیپال کو تین صفر سے مات دی۔ پاکستان کی ویمنز ٹیمیں پول اے میں ملائیشیا اور کوریا کے ہاتھوں تین صفر اور تین صفر سے ہار گئیں۔ سپیکٹرا میں پاکستان ٹیم کو ابتدایء راونڈ میں ہی فلپائینز کے ہاتھوں دو صفر سے مات کا سامنا کرنا پڑا۔ اتھلیکٹس کے مقابلوں میں پاکستان کی رابعہ عاشق نے 800 میٹر ریس کی ریٹ ٹو میں مقررہ فاصلہ 2 منٹ 22.56 سیکنڈ میں طے کر پانچویں نمبر پر رہیں۔ کراٹے میں پاکستان کے سعدی عباس ایک روز میں پانچ مقابلوں میں شریک ہوئے۔ تاہم برانز میڈل کے مقابلے میں ریفری کے متنازعہ فیصلے کی بنا پر وہ پاکستان کے لیے تیسرا برانز میڈل نہ جیت سکے۔ انہوں نے پہلے میچ میں فلسطینی کھلاڑی کے خلاف تین صفر سے کامیابی اپنے نام کی۔ دوسرے میچ میں سعدی عباس نے قطر کے کھلاڑیوں کو چھ ایک سے زیر کیا۔ کوارٹر فائنل میں پاکستانی کھلاڑی نے ملائیشین کھلاڑی کو دس پانچ سے مات دیکر سیمی فائنل میں جگہ بنائی جہاں انہیں سعودی عرب کے کھلاڑی کے ہاتھوں چار دو سے مات ہوئی۔ برانز میڈل کے لیے ہونے والے مقابلے میں پاکستان کے سعدی عباس کو اردن کھلاڑی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ خواتین ایونٹ میں پاکستان کی کلثوم کو ویت نام کھلاڑی جبکہ بینش کو یو اے ای کھلاڑی کے ہاتھوں پانچ صفر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ باکسنگ میں56 کلو گرام کلاس میں پاکستان کے نقیب اﷲ نے بھوٹان کے باکسر کو تین ایک سے مات دیکر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ جبکہ سلیمان بلوچ اور تنویر احمد کو کوریا اور بھارت کے باکسرز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ویٹ لیفٹنگ میں پاکستان کے نوح دستگیر 105 پلس کلو گرام کلاس میں مجموعی طور پر 405 کلو گرام وزن اٹھا کر نیا قومی ریکارڈ بنا دیا تاہم گیمز میں پانچویں نمبر پر رہے۔