قومی رگبی ٹیم ایشین گیمز میں شرکت کیلئے جکارتہ پہنچ گئی
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان رگبی ٹیم ایشین گیمز میں شرکت کیلئے جکارتہ پہنچ گئی۔ قومی ٹیم 27 اگست سے دو ستمبر 2018ء تک ایشین گیمز 2018ء میں شرکت کرے گی جس میں 12 ٹاپ ٹیمیں شامل ہیں ۔ پاکستان کے پول میں ہانگ کانگ، تھائی لینڈ اور چین کی ٹیمیں شامل ہیں۔ پاکستان سیونز رگبی ٹیم اپنا پہلا میچ 30 اگست کو ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گی، دوسرا میچ بھی اسی دن تھائی لینڈ کے خلاف کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا میچ 31 اگست کو چین کیخلاف کھیلا جائے گا۔ یکم ستمبر کو پوزیشن کے میچز ہوں گے جبکہ دو ستمبر کو قومی ٹیم وطن واپس پہنچے گی۔ پاکستان رگبی ٹیم میں کپتان کاشف خواجہ، احمد وسیم، محمد شعیب اختر، ناصر محمود، محمد ہارون، مصدق الطاف، محمد وقاص، فیصل اسلم، علی شاہد،خالد حسین بھٹی، محمد افضل اور دائودگل شامل ہیں۔ شکیل احمد ملک ہیڈ کوچ و منیجر جبکہ ڈاکٹر محسن فزیو ہوں گے۔