بھارت: بندرنے نامعلوم نوزائیدہ بچے کوچھت سے پھینک کر مار ڈالا
نئی دہلی(آئی این پی)بھارتی دارالحکومت میں بندروں نے دہشت پھیلا دی، نامعلوم نوزائیدہ بچے کو چھت پرپھینک کر ہلاک کر ڈالا، پولیس بچے کے والدین کا سراغ لگانے میں مصروف ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارتی دارالحکومت دہلی کے سنگم ویہار علاقے میں چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں بندروں نے مکان کی چھت پر نوزائیدہ کو لا کر پھینک دیا۔ بچے کے رونے کی آواز سن کر مالک مکان چھت پر پہنچا۔ بچے کو زخمی حالت میں دیکھ کر اسے فوراً ہسپتال پہنچایا جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔ سنگم وہار تھانہ پولیس نے بچے کی لاش قبضے میں لے کر ایمس کے سرد خانے میں جمع کرادی۔ پولیس بچے کے والدین کا سراغ لگانے کی کوششوں میں مصروف ہے کہ بندر اس بچے کوکہاں سے لے کر آئے۔ بچے کے بارے میں معلومات دہلی کے تمام پولیس سٹیشنوں کو ارسال کردی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کی شناخت کی کوششیں جاری ہیں۔ نوزائیدہ سنگم ویہار کے علاقے میں گلی نمبر 16میں واقع مکان کی چھت پر صبح کے وقت رونے کی آواز سنی تو بچہ چھت پر لاوارث حالت میں پڑا ہوا ملا۔ پوچھ گچھ کے دوران مالک مکان نے بتایا کہ بندر چھت پر بچے کو پھینک گئے تھے۔ سنگم ویہار علاقے میں بندروں نے دہشت پھیلا رکھی ہے۔ ایک ماہ کے دوران ایک درجن سے زائد افراد بندروں کے حملوں کا شکار ہوچکے ہیں۔ بندروں کی طرف سے کپڑے اور گھریلو اشیا لے کر فرار ہونے کے واقعات میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ علاقے کے لوگوں نے میونسپلٹی اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ بندروں اور آوارہ جانوروں سے بچایا جائے۔ جبکہ میونسپلٹی نے بندروں کو پکڑنے کیلئے مہم شروع کررکھی ہے۔ لیکن اس کا کوئی اثر نہیں ہوا۔ اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔