• news

حکومت بڑھاپے کی پنشن کم ازکم 15ہزار مقرر کرے: آل پاکستان ورکرز کنفیڈریشن

لاہور (پ ر) ملک بھر کا محنت کش طبقہ نئی منتخب حکومت کو کارکنوں وغریب عوام کے مسائل حل کرانے کے لئے زور دینے کیلئے 29اگست کو اسلام آباد میں قومی کانفرنس منعقد کرکے آئندہ لائحہ عمل تیار کرے گا، یہ فیصلہ آج آل پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کے اجلاس بختیار لیبر ہال لاہور میں کیا گیا جس میں مختلف مزدور تنظیموں کے نمائندگان اور کارکنوں نے بھاری تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے منتخب وفاقی وصوبائی حکومتوں کو اپنے انتخابی منشور کے مطابق ملک میں غربت‘ بے روزگاری‘ جہالت‘ قومی اقتصادی خود کفالت پالیسی اپنا کر قومی صنعت‘ زراعت‘ تجارت کو ترقی دے کر ملک کو غیرملکی قرضوں کی زنجیروں سے آزاد کرانے کے لئے مطالبہ کیاگیا۔ اداروں کے ملازمین کی اجرتوں میں سرکاری ونیم سرکاری ملازمین کی طرح کم ازکم اجرت 30ہزار روپے ماہوار اور بڑھاپے کی پنشن میں کم ازکم 15ہزار روپے ماہوار مقرر کرے۔ اس موقع پر بزرگ مزدور رہنما خورشیداحمد جنرل سیکرٹری کنفیڈریشن نے ملک بھر کے محنت کشوں اور محب الوطن طبقات اور سیاسی جماعتوں سے پرزور اپیل کی کہ وہ پاکستان کو قائداعظم محمدعلی جناح کے فرمان کے مطابق مساوات‘ سماجی انصاف‘ محنت کی عظمت اپنی مثال آپ بن کر قومی تعمیرو ترقی کی جدوجہد کو کامیاب کریں۔

ای پیپر-دی نیشن