کسانوں کو ملاوٹ مافیا کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جائے گا: کمشنر لاہور
لاہور(خبر نگار) کمشنر لاہور ڈویڑن ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ نے کہا ہے کہ ملاوٹ شدہ کھاد اور ناقص کیڑے مار ادویات کی فروخت پر کریک ڈائون کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے ان کی تیاری کے مقامات و فیکٹریوں کی نشاندہی کرائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر تحصیل میں ملاوٹ شدہ کھاد اورجعلی زرعی ادویات کے ڈیلرز کے لائسنس کینسل کیے جائیں۔کمشنر لاہور ڈویژن ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈویژن کے زرعی افسران، پولیس افسران و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت کی کہ کسانوں کو ملاوٹ مافیا کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جائے گا اجلاس میں بتایا گیا کہ ملاوٹ مافیا کے خلاف 50 مقدمات زیر تفتیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری ڈویڑن کی تمام تحصیلوں کے ڈیلرز کے نمونہ جات کو باقاعدگی سے چیک کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ کھاد اور زرعی ادویات کی چیکنگ کو دوسری ٹیموں سے بھی چیک کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ضلع کی چیکنگ دوسرے ضلع کی ٹیموں سے کرائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ملاوٹ شدہ کھاد و جعلی زرعی ادویات بنانے والی فیکٹریوں و نرسریوں کا پتہ چلایا جائے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کھادوں اور ادویات کے نمونوں کو پنجاب کی تمام زرعی لیبارٹریاں ISO تصدیق شدہ سے چیک کرایا جائے ۔