حکومت تاجروںکو نظرانداز کرنے کی بجائے درپیش مسائل حل کرے: اشرف بھٹی
لاہور(کامرس رپورٹر ) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت تاجروں کو نظر انداز کرنے کی بجائے انہیں درپیش دیرینہ مسائل سے آگاہی حاصل کرکے انہیں حل کرنے کے احکامات جاری کرے ،حکومت اور تاجر تنظیموں کے درمیان روابط کیلئے فوکل پرسنز کی تعیناتی کی جائے ،دستیاب سرکاری اراضی پر پارکنگ پلازوں کی تعمیر کے مجوزہ منصوے کو عملی شکل دی جائے ۔گزشتہ روز اپنی رہائشگاہ پر ملاقات کیلئے آنے والے تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے اشرف بھٹی نے کہا کہ بڑے صنعتکاروں اور ایکسپورٹرز کیلئے راتوں رات پالیسی آ جاتی ہے تاہم تاجروں کے مفاد میں پالیسی آنا تو درکنار ان کے دیرینہ مسائل بھی حل نہیں ہوتے ۔تاجر طبقہ دوہرے ٹیکسز اورمہنگے یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی کر نے کے ساتھ ساتھ لاکھوں افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کر رہا ہے لیکن انہیں کسی طرح کی سہولیات اور مراعات حاصل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی حکومت سے مطالبہ ہے کہ تاجروں کو نظر انداز کرنے کی بجائے انہیں درپیش دیرینہ مسائل سے آگاہی حاصل کر کے حل کرایاجائے اور اس کا بہترین حل تاجرتنظیموں اور حکومت کے درمیان روابط کیلئے فوکل پرسنز کی تعیناتی ہے۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ تجاوزات کی وجہ سے تاجروں کا کاروبار تباہ ہو گیا ہے اس لئے ہمارا مطالبہ ہے کہ دستیاب سرکاری اراضی پر پارکنگ پلازوں کی تعمیر کے مجوزہ منصوبے کو عملی شکل دی جائے اور رواں مالی سال کیلئے اسمبلی میں پیش کئے جانے والے بجٹ میں کم از کم تین پلازوں کی تعمیر کیلئے فنڈز مختص کئے جائیں۔