صدارتی انتخابات :پی پی ‘ مسلم لیگ ن غیرسنجیدہ ہیں:لیاقت بلوچ
لاہور ( خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے ایم ایم اے کے مرکزی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی پی پی اور مسلم لیگ ن صدر کے انتخاب پر سنجیدہ نہیں ہیں ۔تمام جماعتوں کے لیے قابل قبول اور متفقہ صدارتی امیدوار طے کرنے کے لیے دونوں جماعتیں تیار نہیں ۔ متحدہ مجلس عمل اسمبلیوں میں اپوزیشن کے اتحاد کی قائل ہے ، لیکن ہم دونوں جماعتوں کی بی ٹیم نہیں بن سکتے ۔ سیاسی ،انتخابی اور انتخابات میں دھاندلی کے خلاف جدوجہد جاری رکھی جائے گی ۔ متحدہ مجلس عمل پی پی پی کے یکطرفہ فیصلہ کا ساتھ نہیں دے سکتی ۔ جماعت اسلامی ایم ایم اے کے امیدواران کی حمایت کی پابند ہے ۔ پی پی اور مسلم لیگ ن جب ایک امیدوار پر متفق نہیں تو ایم ایم اے کو صدارتی امیدوار دینے پر اتفاق کیا جائے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ اسپیکر ، وزیراعظم ، صدارتی انتخاب پر اپوزیشن جماعتیں متفقہ امیدوار نہ بھی لاسکیں ،پھر بھی اسمبلیوں میں انتخابی دھاندلی کے خلاف اور آئین و جمہوریت کے تحفظ ، قومی سلامتی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اپوزیشن جماعتیں متحدہ اپوزیشن کا کردار ہی ادا کریں گی ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ ضمنی انتخابات کے لیے چاروں صوبوں کی تنظیموں کے صدور سے سفارشات طلب کرلی ہیں ۔