انسداد ڈینگی کیخلاف مؤثر اقدامات کئے گئے ہیں: انوار الحق
لاہور (خبر نگار) ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) انوار الحق نے کہا ہے کہ انسداد ڈینگی کے حوالے سے موثر اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیمیں ان ڈور اور آئوٹ ڈور انسداد ڈینگی سرویلنس پر خصوصی توجہ دیں اور ٹیمیں گھر گر جا کر سرویلنس کریں۔ انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ ڈینگی ٹیموں کی کار کردگی کو بذات خود مانیٹر کریں۔ انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں موجود رہیں۔ ڈی سی لاہور کی زیر صدارت ڈرگ انسپکٹرز، عطائیت اور انسداد پولیو مہم کے حوالے سے اجلاس ہوا۔جس میں اسسٹنٹ کمشنرز، ایس اے او لاہور، سی ای او ہیلتھ اتھارٹی لاہور ، ڈپٹی ڈی اوز ہیلتھ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈی سی لاہور نے کہا کہ ڈرگ انسپکٹرزتمام میڈیکل سٹورزکو چیک کریں اور میڈیکل سٹورز پر تمام ایس او پیزپر عمل درآمد کروایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی اور جعلی ادویات پر بھر پور کریک ڈائون کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کوتاہی پر سخت کاروائی ہو گی اور میرٹ پر کام کیا جائے۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ شہر میں عطائیت کیخلاف بھرپور کریک ڈائون کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن کلینکس کو ہیلتھ کیئر کمشن بار بار ڈی سیل کر رہاہے اس کی رپورٹ اعلیٰ حکام کو دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ ڈی ڈی او ہیلتھ کی مدد کریں گے۔