• news

مسلم لیگ ن کے ارکان دستخطوں کی تصدیق کیلئے اسمبلی سیکرٹریٹ پیش

لاہور (خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز کی پنجاب اسمبلی میں بطور اپوزیشن لیڈر نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے کے معاملے پر ارکان اسمبلی دستخطوں کی تصدیق کیلئے خود اسمبلی سیکرٹریٹ میں پیش ہو گئے۔ مسلم لیگ (ن)کے رکن پنجاب اسمبلی خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، رانا مشہود احمد، میاں مرغوب احمد، راحت افزاء اور علی عباس کھوکھرکی جانب سے دستخطوں کی تصدیق کی گئی۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ عمران نذیر نے پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح کے مرضی ہتھکنڈے استعمال کر لئے جائیں پنجاب اسمبلی میں حمزہ شہباز جیسا شیر ہی بطور قائد حزب اختلاف لیڈ کرے گا۔ انہوں نے کہا اسمبلی سیکرٹریٹ کو کچھ ارکان اسمبلی کے دستخطوں سے متعلق شکوک و شبہات تھے تو انہیں چھوڑ کر باقی ناموں پر ریکوزیشن کو منظور کرتے ہوئے نوٹیفکیشن کردیا جاتا۔ سب کو معلوم ہے سیکرٹری اسمبلی متنازعہ شخصیت ہیں۔ انہوں نے کہا جن ارکان کے دستخطوں پر اعتراض اٹھایا گیا تھا وہ تمام اسمبلی میں آئے ہیں اور انہوں نے تصدیق کی ہے۔ ہماری ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سے ملاقات ہوئی ہے اور انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے وہ اس معاملے کو خود یکھیں گے اور حل کریں گے۔ یہ معاملہ سپیکر یا ڈپٹی سپیکر کے علم میں نہیں تھا بڑی زیادتی ہے اور ان کے علم میں تھا تو اس کے باوجود لیت و لعل سے کام لیا گیا تو یہ اس سے بھی بڑی زیادتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن