65ء جنگ کے ہیرو‘40 برس بھارتی قید میں رہنے والے سپاہی مقبول حسین کا انتقال ، آرمی چیف کی تعزیت
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) 1965ء کی جنگ کے ہیرو اور بھارت کی طرف سے قیدی بنائے گئے پاکستان کے بہادر سپاہی مقبول حسین انتقال کرگئے۔ وہ سی ایم ایچ اٹک میں زیر علاج تھے۔ وہ 40سال تک بھارتی جیلوں میں قید رہنے کے بعد 2005ء میں رہا ہوئے تھے۔ حکومت پاکستان نے انہیں ستارہ جرأت سے نوازا تھا۔ سپاہی مقبول نے بھارتی جیلوں میں بے شمار مصائب برداشت کئے یہاں تک کہ ان کی زبان بھی کاٹ دی گئی لیکن وہ اپنے وطن کے خلاف بولنے پر تیار نہ ہوئے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سپاہی مقبول کو آج فوجی اعزاز کیساتھ سپردخاک کیا جائے گا۔ آرمی چیف نے سپاہی مقبول کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور پاک فوج کو ایسے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔ ان کی قربانی تادیر یاد رکھی جائے گی۔